پولیس کا ظلم و بربریت، عوام کا شدید احتجاج
قاضی پیٹ ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) قاضی پیٹ ورنگل کے منڈی بازار و نظام پورہ کے علاقوں میں آج جب صبح دکانیں کھولی گئی تو ماہ رمضان کی شروعات کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کے دکانوں پر عوام کا ہجوم امڈ پڑا۔ اس اثناء میں انسپکٹر آف پولیس وینکٹیشورلو کی زیرقیادت پولیس نے خریداری میں مصروف مسلمانوں کو سماجی فاصلہ کے نام پر شدید زدوکوب کرنا شروع کردیا۔ محمد انور، جاوید اور سلیم نامی دکانداروں کو بری طرح سے مارا اور پیٹا گیا جس کے باعث ان کو گہری چوٹیں آئیں۔ اس کے علاوہ پولیس خریداری میں مصروف عوام پر بھی ٹوٹ پڑی اور بری طرح سے زدوکوب کیا۔ اس کے ساتھ ہی عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور وہ پولیس کے خلاف سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا۔ اس موقع پر مقامی ٹی آر ایس ایم ایل اے بھی لاپتہ دیکھے گئے حالانکہ ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد اور دوسرے اضلاع میں اعلان کیا گیا تھا کہ ماہ رمضان کے دوران تمام مساجد میں نہ صرف پنجوقتہ اذاں دی جائے گی بلکہ سحر و افطار میں سائرن بھی بجائے جائیں گے لیکن اس سلسلہ میں ورنگل کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتھو اور نہ ہی پولیس کمشنر وشواناتھ رویندرا کی جانب سے اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔