سنگاریڈی کندی منڈل میں چلڈرنس ڈے، ڈی ایل ایس اے سکریٹری سوجنیا کا خطاب
سنگا ریڈی 14 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی کے کندی منڈل، کاشی پور میں کیجی بی وی اسکول میں چلڈرنس ڈے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام ضلع خواتین و اطفال بہبود محکمہ اور ضلع وومین امپاورمنٹ سینٹر کے اشتراک سے بیٹی بچاؤ۔بیٹی پڑھاؤ مہم کے تحت منعقد ہوا تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (DLSA) کی سکریٹری محترمہ سوجنیا نے شرکت کی انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جووینائل جسٹس ایکٹ اور پوکسو ایکٹ جیسے بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین کی اہمیت پر روشنی ڈالی انہوں نے چائلڈ لیبر، سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال، سیف ٹچ اور ان سیف ٹچ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کیریئر کے اہداف واضح کرتے ہوئے تعلیم پر توجہ دیں اور نظم و ضبط کے ساتھ محنت کرکے کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی آگاہی طلبہ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر محکمہ خواتین و اطفال بہبود کی عہدیدار محترمہ کے۔ للیتا کماری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچی کو اپنی قوت کو پہچانتے ہوئے ہمت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے ہیلپ لائن نمبرز، کم عمری کی شادیوں کے نقصانات، اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کو روشن کرتی ہے۔تقریب کے دوران مختلف مقابلوں میں حصہ لینے والی اور نمایاں کارکردگی پر طالبات کو سرٹیفکیٹ بھی عطا کیے گئے۔اس موقع پر کندی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سائی شنکر، کے جی بی وی اسپیشل آفیسر میرا بائی، ڈی سی پی یو رتنا، وومین امپاورمنٹ سینٹر کی کوآرڈینیٹر پلوّی، چائلڈ لائن کوآرڈینیٹر یادگیری، جینڈر اسپیشلسٹ ویشال، اے این ایم، اسکول کا عملہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔