قانونی طور پر تعمیر کردہ عمارتوں کو منہدم نہیں کیا جائے گا،حیڈرا کی وضاحت

   

حیدرآباد۔20۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تالابوں کے قریب اجازت رکھنے والی تعمیرات کے انہدام کے سلسلہ میں گشت کر رہی اطلاعات کے سلسلہ میں ’حیدرا‘ کی جانب سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ ’حیدرا‘ ایسی کسی بھی عمارت کو منہدم نہیں کرے گا جو کہ تمام اجازت ناموں کے حصول کے بعد تعمیر کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے دی جانے والی ہدایت کے بعد ’حیدرا‘ نے اس سلسلہ میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’حیدرا‘ کی جانب سے بفر زون اور تالابوں کے ایف ٹی ایل میں تعمیر کی گئی عمارتوں کو ہی منہدم کیا جائے گا اور ان عمارتوں کو جو کہ تعمیراتی اجازت ناموں کے حصول اور دیگر قواعد کی تکمیل کے ساتھ بنائی گئی ہیں انہیں کوئی دھکا نہیں لگایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے گذشتہ یوم دی گئی ہدایت میں یہ واضح کیا تھا کہ اس تعلق سے پھیل رہی غلط فہمیوں کو دور کیا جانا چاہئے جس پر ’حیدرا‘ نے وضاحت کی ہے کہ ’حیدرا‘ کی کاروائیوں کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جائے گا اور تعمیراتی اجازت کی حامل عمارتیں جو تالابوں کے قریب تعمیر کی گئی ہیں ان کے انہدام کے سلسلہ میں کوئی کاروائی نہیں کی جائے گی۔’حیدرا‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تالابوں کے قریب موجود اجازت کی حامل عمارتوں اور منہدم کئے جانے کی اطلاعات کو افواہ قرار دیا گیا ہے۔3