قانونی معاونت سب کیلئے قابل رسائی بنانے کی کوشش

   

قانون کے طلبہ کو بااختیار بنانے کی جدوجہد، چیمبر آف لا کا افتتاح، چیرمین معراج فہیم کا خطاب
محبوب نگر ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہندوستان کے قانونی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر، چیمبر آف لا، ایک کمیونٹی پر مبنی پلیٹ فارم، 27 جولائی کو مانصاحب ٹینک پر واقع کوڈ فار انڈیا کے دفتر میں باضابطہ طور پر شروع کیا گیا۔ یہ پلیٹ فارم قانون کے طلباء￿ ، جونیئر ایڈووکیٹس، اور سینئر قانونی پیشہ ور افراد کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت اکٹھا کرتا ہے، جبکہ قانونی برادری اور عوام کے درمیان ایک ضروری رابطہ بھی قائم کرتا ہے۔ لانچ ایونٹ (افتتاحی تقریب) میں قانون کے طلباء، جونیئر ایڈووکیٹس، اور ممتاز سینئر ایڈووکیٹس شریک تھے ۔ رسائی کے مشترکہ ویڑن (تصور) سے متحد تھے۔ چیمبر آف لا دراصل دو بنیادی مقاصد کے ساتھ تشکیل دی گئی ہے: 1۔ قانون کے طلباء کو بااختیار بنانا: ممتاز سینئر ایڈووکیٹس کے ساتھ اعلیٰ معیار کی انٹرن شپ کے مواقع فراہم کر نا، چیمبر آف لا کا مقصد علمی اور تجرباتی اطوار سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے جو قانونی پیشہ ور افراد کی اگلی نسل کو تیار کرنے میں مددگار ہوں گے۔ 2۔ سب کے لیے قابل رسائی قانونی معاونت: یہ پلیٹ فارم عام عوام کے لیے قابل اعتماد قانونی امداد حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہے، جو قانونی عمل کو سادہ بنانے اور ہر پس منظر کے لوگوں کیلئے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانے میں مدد کرتا ہے۔ ایونٹ کے دوران، چیمبر آف لا کے بانی چیئرمین، معراج فہیم نے تبصرہ کیا کہ: ‘‘ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسا پلیٹ فارم شروع کر رہے ہیں جو نہ صرف قانونی صلاحیتوں کی اگلی لہر کو پروان چڑھاتا ہے بلکہ قانونی امداد کو زیادہ قابل رسائی اور سہل بناتا ہے۔ ایڈوکیٹ ثناء عظیم، ایڈوکیٹ عثمان، ایڈوکیٹ برہان، ہاجرہ صوفیہ، سمیہ، حمزہ، اور اسماء کو اعزازی رکنیت سے نوازا گیا۔ ایونٹ (تقریب) میں مباحث، نیٹ ورکنگ کے مواقع، اور قانونی برادری کے سرکردہ شخصیات کے بصیرت افروز خطابات شامل تھے، جنہوں نے ہندوستان میں رہنمائی، سیکھنے، اور قانونی رسائی میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔ مزید معلومات کے لیے یا اس بڑھتی ہوئی کمیونٹی کا حصہ بننے کیلئے ویب سائٹ www.chamberoflaw.orgملاحظہ کیجئے۔