نظا م آباد :24 ؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بی جے پی امیدوار اروند نے لوک سبھا انتخابات کے موقع پر ہوئی رائے دہی کی تفصیلات قانون حق معلومات کے تحت فراہم کرنے کا ضلع کلکٹر مسٹر رام موہن رائو سے مطالبہ کیا ۔ یہ بی جے پی قائدین کے ہمراہ ضلع کلکٹر مسٹر رام موہن رائو کو یادداشت پیش کی اور کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر نظام آباد پارلیمانی حلقہ میں ہوئی رائے دہی ہر گھنٹہ گھنٹہ کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قانون حق معلومات کے تحت یادداشت پیش کی گئی تھی اور 15 ؍اپریل کے روز یادداشت پیش کی گئی تھی اندرون 15 یوم 30؍ اپریل تک تفصیلات فراہم کریں،اس رائے دہی پر شک و شبہات ظاہر ہورہے ہیں ۔ سی سی فوٹیج کے بارے میں مطالبہ کیا گیا تھا ۔لیکن ابھی تک کوئی جواب حاصل نہیں ہوا۔ ڈچپلی میں واقع میڈیکل کالج کے اسٹرانگ روم کے پاس بی جے پی کارکنوں کو سیکوریٹی کی حیثیت سے رکھنے کی ہدایت دینے کا بھی مطالبہ کیا لیکن اس کے باوجود بھی ابھی تک ضلع انتظامیہ کی جانب سے جواب نہیں دیا جارہا ہے ۔ پولنگ عہدیداروں کی ڈائری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بی جے پی امیدوار مسٹر اروند نظام آباد پارلیمانی حلقہ میں ہوئی رائے دہی پر مسلسل شک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے ہر روز کسی نہ کسی طریقہ سے عہدیداروں سے ملاقات کے ذریعہ اپنی شکایت ظاہر کررہے ہیں ۔
کرانہ شاپ پٹلم میں
سرقہ کی واردات
پٹلم۔/24 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پٹلم پولیس اسٹیشن کے علاقہ میں کرانہ شاپ میں کل رات سرقہ کی واردات پیش آئی۔ دکان مالک حسب معمول اپنی دکان بند کرکے گھر چلے گئے صبح دکان کھولنے پر دکا ن کا سامان بکھرا پڑا ہوا تھا۔ مالک دکان نے کسی چیز کو ہاتھ لگائے بغیر پولیس اسٹیشن میں سرقہ کی واردات کی رپورٹ درج کرائی۔ سب انسپکٹر مسٹر انجینلو نے موقع واردات پر پولیس عملہ کے ساتھ پہنچ کر دکان کا معائنہ کیا۔ سارقین بڑی ہی چالاکی کے ساتھ دکان کے پچھلے حصہ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور اشیاء میں گولڈ فلاک سگریٹ کی ڈبیاں، وانی بیڑی کے بنڈل کے ساتھ ساتھ غلہ میں موجود نقدرقم سرقہ کرکے راہ فرار اختیار کی۔ پولیس کیس درج کرکے مصروف تحقیقات ہے۔