قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کا آج سے آغاز

   

اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ، کالیشورم کمیشن کی رپورٹ اور بی سی تحفظات پر مباحث، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا مانسون سیشن کل 30 اگست کو صبح 10.30 بجے آغاز ہوگا۔ دونوں ایوانوں کے اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے کیونکہ حکومت نے کالیشورم پراجکٹ پر جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ دونوں ایوانوں میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ پر اسمبلی و کونسل میں گرما گرم مباحث ہوں گے۔ پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ کو کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں منظوری دیتے ہوئے اسمبلی اور کونسل میں مباحث کے بعد کارروائی سے متعلق فیصلہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں پسماندہ طبقات کے 42 فیصد تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں قرارداد کی منظوری کا امکان ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ مانسون سیشن 5 دن پر مشتمل رہے گا تاہم بزنس اڈوائزری کمیٹی ایام کار کا تعین کرے گی۔ اسمبلی اجلاس کے پہلے دن جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کارروائی کو ملتوی کیا جائے گا ۔ اسی دوران اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار اور صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مانسون سیشن کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، سکریٹری جی اے ڈی رگھونندن راؤ ، ایڈیشنل سکریٹری فینانس آر روی ، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو ، ہوم سکریٹری روی گپتا ، ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر ، ایڈیشنل جنرل لاء اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت، ایڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آرڈر وکرم سنگھ مان ، کمشنر سائبر آباد سدھیر بابو ، کمشنر راچہ کنڈہ اویناش موہنتی، انسپکٹر جنرل انٹلیجنس کروناکر اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اسپیکر اور صدرنشین قانون ساز نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو خدمات میں توسیع کیلئے مبارکباد پیش کی۔ اسپیکر نے تمام سرکاری محکمہ جات کو اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کے بہتر انعقاد کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت دی ۔ اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کے موقع پر پولیس اور دیگر محکمہ جات نے جس طرح موثر انتظامات کئے تھے، اسی کو جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے سرکاری محکمہ جات کے سکریٹریز کو ہدایت دی کہ اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے طلب کردہ معلومات فوری فراہم کئے جائیں تاکہ وزراء کو ایوان میں پیش کرنے میں مدد ملے۔ جس محکمہ کے امور پر مباحث ہوں گے ، اس محکمہ کے تمام اعلیٰ عہدیداروں کو موجود رہتے ہوئے وزراء اور ارکان سے تعاون کرنا چاہئے ۔ محکمہ پولیس کو اسمبلی اور اس کے اطراف موثر سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ گنیش تہوار کے سلسلہ میں پولیس کو احتیاطی اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے اسمبلی اور اس کے اطراف ٹریفک کے بہتر بہاؤ کے لئے انتظامات کا مشورہ دیا۔ اجلاس کے دوران کسی بھی دھرنا اور احتجاج کے بارے میں قبل از وقت معلومات حاصل کرتے ہوئے انتظامات کئے جائیں تاکہ ایوان کی کارروائی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ وقفہ سوالات اور مباحث کے موقع پر عہدیداروں کے علاوہ محکمہ جات کی جانب سے مقرر کردہ نوڈل اور لائزننگ آفیسرس کو موجود رہنا چاہئے۔ انہوں نے زیر التواء سوالات کا جواب روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ سکھیندر ریڈی نے کونسل کے اطراف موثر سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیشن کے موثر انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ سرکاری محکمہ جات کے عہدیدار اسمبلی میں دستیاب رہیں گے اور وہ بروقت معلومات کی فراہمی کے ذریعہ مباحث کے موثر انعقاد میں تعاون کریں گے۔ توقع ہے کہ مانسون سیشن میں بارش کے نقصانات اور کسانوں کے مسائل پر بھی مباحث ہوں گے۔ اپوزیشن بی آر ایس اور بی جے پی نے اجلاس میں حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ بی آر ایس نے کالیشورم رپورٹ پر ایوان میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کی اسپیکر سے اجازت طلب کی ہے ۔ سرکاری اسکیمات اور حکومت کی مبینہ ناکامی کو اپوزیشن پارٹیاں موضوع بحث بنائیں گی۔ اسمبلی میں سیشن کے دوران ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ پر انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ حکومت نے پہلے ہی رویندر نائک کے نام کا اعلان کیا ہے۔1