چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دوسری مرتبہ موقع دیا، اتفاق رائے سے انتخاب کی راہ ہموار
حیدرآباد/13 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے رکن کونسل جی سکھیندر ریڈی کو دوسری مرتبہ قانون ساز کونسل صدر نشین کے عہدہ کیلئے امیدوار بنایا ہے۔ سکھیندر ریڈی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ریٹرننگ آفیسر اور سکریٹری لیجسلیچر کو انہوں نے پرچہ جات نامزدگی حوالے کئے۔ سکھیندر ریڈی کا متفقہ طور پر انتخاب یقینی ہے کیونکہ صرف ایک پرچہ داخل کیا گیا۔ صدرنشین کے انتخاب پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں سیاسی جماعتوں کے تعاون پر اظہار تشکر کیا گیا۔ سکھیندر ریڈی کو ایم ایل اے کوٹہ سے دوسری مرتبہ کونسل کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ وہ تین مرتبہ نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ 11 ستمبر 2019 کو سکھیندر ریڈی نے پہلی مرتبہ کونسل کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ جون 2021 تک وہ عہدہ پر فائز رہے۔ میعاد ختم ہونے پر بھوپال ریڈی کو عبوری صدرنشین مقرر کیا گیا تھا اور ان کی میعاد جنوری میں ختم ہوئی اس کے بعد سے امین الحسن جعفری عبوری صدرنشین کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سکھیندر ریڈی کا تعلق نلگنڈہ ضلع کے اورو مڈا دیہات سے ہے جہاں 2 فروری 1954 کو ان کا جنم ہوا۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے ڈگری کی تکمیل کی۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ 2004 میں پہلی بار تلگودیشم ٹکٹ پر لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔ 2009 میں کانگریس ٹکٹ پر پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوئے۔ 2014 میں وہ تیسری مرتبہ منتخب ہوئے۔ 15 جون 2016 کو سکھیندر ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر وزرا پرشانت ریڈی، محمد محمود علی، ستیہ وتی راٹھور، جگدیش ریڈی، گورنمنٹ وہپ ایم ایس پربھاکر راؤ، گورنمنٹ وہپ جی سنیتا، ارکان مقننہ بھانو پرساد راؤ، دیاکر ریڈی، گنگادھر گوڑ، اے ملیشم، رگھوتم ریڈی، جناردھن ریڈی، ڈی وٹھل، نوین کمار، بسواراج ساریا، بنڈی پرکاش، بھوپال ریڈی، جیون ریڈی اور رعیتو بندھو سمیتی کے صدر پی راجیشور ریڈی موجود تھے۔ ر