قانون ساز کونسل میں عامر علی خان و پروفیسر کودنڈا رام کا خیرمقدم

   

صدر نشین کونسل سکھیندر ریڈی نے ریاستی وزراء و دیگر اراکین سے تعارف کروایا
حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے اجلاس میں نو منتخبہ رکن جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام کا صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے خیر مقدم کیا اور دیگر اراکین سے ان کو متعارف کروایا۔ قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے جناب عامر علی خان اور پروفیسر کودنڈا رام کے انتخاب کے بعد کونسل کے پہلے اجلاس کے موقع پر دونوں اراکین آج پہلی مرتبہ ایوان میں پہنچے جہاں ان کا صدرنشین کونسل نے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ محترمہ انوسویا سیتا اکا‘ مسٹر جوپلی کرشنا راؤ‘ صدر پردیش کانگریس و رکن کونسل مسٹر مہیش کمار گوڑ ‘ مسٹر ٹی جیون ریڈی ‘ مسٹر ایم ایس پربھاکر ‘ مسٹر تین مار ملنا ‘ کے علاوہ دیگر اراکین کی موجودگی میں خیر مقدم کیا ۔کونسل اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی جناب عامر علی خان ڈپٹی چیف منسٹر و دیگر وزراء کے ہمراہ ایوان میں داخل ہوئے اور ایوان کی کاروائی کے آغاز پر صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے ان کا بہ حیثیت نئے رکن خیر مقدم کیا بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر نے ایوان میں ’تلنگانہ تلی ‘ پر حکومت کا موقف پیش کیا اور اس دوران پروفیسر کودنڈا رام ایوان میں داخل ہوئے ۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے بیان کے بعد صدرنشین کونسل نے پروفیسر کودنڈا رام کا بھی ایوان میں خیر مقدم کیااور ان کا بھی دیگر ارکان سے تعارف کروایا ۔3