قانون ساز کونسل کیلئے مہیش کمار گوڑ اور بی وینکٹ کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی

,

   

بھارت راشٹرا سمیتی نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا، 22 جنوری کو انتخاب کا رسمی اعلان ہوگا
حیدرآباد۔18 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی دو نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کے طور پر مہیش کمار گوڑ اور بی وینکٹ نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزراء اتم کمار ریڈی ، پی سرینواس ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، رکن اسمبلی سدرشن ریڈی و دیگر کے ہمراہ کانگریس امیدواروں نے آج اسمبلی کے احاطہ میں ریٹرننگ آفیسر کو پرچہ جات حوالے کئے ۔ تلنگانہ امور کی اے آئی سی سی انچارج دیپا داس منشی ، وزراء ٹی ناگیشور راؤ ، جوپلی کرشنا راؤ ، گورنمنٹ وہپ بی ایلیا، مدھو یاشکی گوڑ، وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو، سابق رکن اسمبلی بی انیل اور دیگر قائدین نے اس موقع پر کانگریس امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ کونسل کی ایم ایل اے کوٹہ کی دو نشستوں کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آج آخری دن تھا ۔ کانگریس کے دونوں امیدواروں کے علاوہ کوئی اور پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوا۔ بی آر ایس نے مقابلہ سے دوری اختیار کرلی جس کے نتیجہ میں کانگریس کے دونوں امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کونسل کی دو مخلوعہ نشستوں کیلئے علحدہ انتخابات کا فیصلہ کیا جس کے نتیجہ میں دونوں نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگئی ۔ یہی وجہ ہے کہ بی آر ایس نے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ۔ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کل 19 جنوری کو ہو گی جبکہ 22 جنوری تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ صرف دو پرچہ نامزدگی کے ادخال پر ریٹرننگ آفیسر 22 جنوری کو دونوں کے انتخاب کا اعلان کردیں گے ۔ بی آر ایس ارکان کونسل کے سری ہری اور پی کوشک ریڈی کے استعفیٰ سے دونوں نشستیں خالی ہوئی ہیں اور ان دونوں کی میعاد 30 نومبر 2027 ء کو ختم ہوگی۔ کانگریس ہائی کمان نے دو نشستوں کیلئے تین قائدین کے ناموں پر غور کیا تھا جن میں مہیش کمار گوڑ ، ادنکی دیاکر اور بی وینکٹ شامل ہیں۔ ابتداء میں دیاکر اور وینکٹ کے ناموں پر اتفاق ہوا، تاہم سینئر قائدین کی مداخلت کے بعد دیاکر کی جگہ مہیش کمار گوڑ کا نام شامل کیا گیا ۔ ہائی کمان نے دیاکر کو مناسب عہدہ پر فائز کرنے کا تیقن دیا ۔ اسمبلی چناؤ کے بعد تلنگانہ میں جملہ 6 ایم ایل سی نشستیں خالی ہوئی ہیں۔ ایم ایل اے زمرہ کی دو نشستیں اور گریجویٹ اور مجالس مقامی زمرہ جات سے ایک ایک نشست خالی ہوئی جس پر چناؤ کا الیکشن کمیشن کو شیڈول جاری کرنا ہے ۔ گورنر کوٹہ کی دو ایم ایل سی نشستوں کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التواہے لہذا گورنر نے ہائیکورٹ فیصلہ تک موجودہ حکومت کی تجاویز پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اسی دوران وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے پارٹی کیلئے سرگرم قائدین کو کونسل رکنیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں ہمیشہ محنت کرنے والوں کی حوصلہ افز ائی کی جاتی ہے۔ مہیش کمار گوڑ اور بی وینکٹ دونوں کے سیاسی کیریئر کا کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے آغاز ہوا۔ مہیش کمار گوڑ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ہیں جبکہ بی وینکٹ جو ایم بی بی ایس ڈاکٹر کے ساتھ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر ہیں۔ 1