قانون شہریت پر تعمیری و بامعنی غور و بحث کی ضرورت

   

جھوٹی خبروں کے دور میں کسی مسئلہ پر جلد بازی میں نتیجہ اخذ کرنے کیخلاف انتباہ

ڈاکٹر ایم چنا ریڈی صد سالہ تقاریب کا
افتتاح ، نائب صدروینکیا نائیڈو کا خطاب

حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (این ایس ایس) نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) جیسے مسائل پر بصیرت کی حامل اور تعمیری بحث و بحث کی ضرورت پر زور دیا اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اس مسئلہ پر ردعمل کا اظہار کرنے سے قبل پس منظر کو پوری طرح سمجھیں اور اس کا گہرائی و گیرائی کے ساتھ جائزہ لیں۔ سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی کے صدسالہ یوم پیدائش تقاریب کا افتتاح کرتے ہوئے نائب صدر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جمہوریت اور تشدد ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اور عوام کو خبردار کیا کہ وہ جھوٹی خبروں کے اس دور میں محتاط اور چوکس رہیں۔ نائب صدر ہند نے کہا کہ جہاں تک سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کا تعلق ہے، ملک کے عوام کو جلد بازی میں کوئی نتیجہ اخذ کرنے سے پہلے بصیرت کی حامل، تعمیری اور بامعنی غور و بحث کی ضرورت ہے۔ ’’ہماری ایک پختہ کار جمہوریت ہے جہاں تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے تعمیری جمہوری اور پرامن انداز میں اختلاف اور ناراضگی کو قبول کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یاد دلایا کہ مہاتما گاندھی نے حتی کہ اپنے انتہائی کٹر مخالفین کے مدمقابل بھی ہر قسم کے تشدد کو ردعمل کردیا تھا۔ مہاتما گاندھی نے برطانوی سامراج کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کا سہارا نہیں لیا اور کٹر مخالفین سے مقابلے کے وقت بھی مہذب اور شائستہ رویہ اختیار کیا۔ چوری چورا احتجاج پرتشدد موڑ اختیار کرنے کے بعد تحریک عدم تعاون کو ملتوی کردیا تھا۔ وینکیا نائیڈو نے پارلیمنٹ اور مقننہ کا وقار برقرار رکھنے پر زور دیا اور مباحث کا معیار بڑھانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بحث کے دوران شخصی حملے نہیں کرنا چاہئے اور پالیسیوں پر تنقید کی جاسکتی ہے۔ وینکیا نائیڈو نے ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کو پراثر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی چیف منسٹر ایک مقبول عوامی رہنما اور ابتدائی سطح سے ابھرنے والے سیاست داں تھے جنہوں نے عام آدمی کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لئے انتھک جدوجہد کی تھی۔ وہ کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے جو خود ان کی اعلیٰ انتظامی مہارت و صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ ہماچل پردیش کے گورنر بنڈارو دتاتریہ، تملناڈو کے سابق گورنر ڈاکٹر کے روشیا کے علاوہ ڈاکٹر چنا ریڈی کے فرزند مری ششی دھر ریڈی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔