قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی

   


محبوب نگر میں امن کمیٹی کا اجلاس، ایس پی وینکٹیشورلو کا خطاب

محبوب نگر۔ /27 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہمارے تقریباً تمام تہوار ہماری تہذیب کو اُجاگر کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد یہی ہونا چاہیئے کہ سماج کے ہر فرد کو خوشی فراہم ہو۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے جمعہ کی نماز سے قبل مستقر محبوب نگر کے رائل فنکشن ہال میں امن کمیٹی کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ ونائیک چتورتھی تہوار کے ضمن میں مختلف مذاہب کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اتحاد اور بھائی چارگی ہمارلئے باعث فخر ہے۔ ہم مل جل کر خوشیاں بانٹنے والوںکا خیرمقدم کرتے ہیں اور تعاون پیش کرتے ہیں۔ ایس پی نے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے پیش نظر ڈی جے پر پابندی ہے۔ اگر خلاف ورزی کی صورتحال رہے تو سال گزشتہ کی طرح ڈی جے تاجرین کوبائنڈ اوور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے قانون ہاتھ میں لینے والوںکو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ سوشیل میڈیا کی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے بہت جلد ونائیک اتسو کمیٹی کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کل جماعتی قائدین راجندر ریڈی اور لکشما ریڈی و دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں ڈی ایس پی مہیش، اسپیشل برانچ ڈی ایس پی آدی نارائنا، میونسپل کمشنر پردیپ کمار نے مخاطب کرتے ہوئے پُرامن ماحول کی برقراری میں عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ، محمد محسن خان، سید سعادت اللہ حسینی، مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی، مرزا قدوس بیگ، صمد خان، نورالحسن، صادق، ارشد علی ایڈوکیٹ، راشد خان، محمد پاشاہ، سجو پہلوان، حافظ ادریس، رفیق احمد قادری، نعمت اللہ و دیگر موجود تھے۔ سرکل انسپکٹران پروین کمار، راجیشور گوڑ، سوامی گوڑ، اشوک اجلاس میں موجود تھے۔