یروشلم ۔ 24 اکٹوبر (ایجنسیز) فلسطینی تنظیم “فتح تحریک” کے ترجمان اور فلسطینی قومی کونسل کے رکن جمال نزال نے کہا ہے کہ قاہرہ میں موجود فلسطینی وفد ریاستِ فلسطین کی نمائندگی کر رہا ہے، نہ کہ فتح تحریک کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی گروہوں بشمول حماس، سے رابطے کیلئے جو وفد تشکیل دیا گیا ہے اس کی نوعیت مختلف ہے۔نزال نے ’’العربیہ/الحدث‘‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ریاستِ فلسطین کا وفد مصر کے اعلیٰ حکام سے مذاکرات کیلئے قاہرہ پہنچا ہے۔ ان کے مطابق فلسطینی مصالحت اور قومی تقسیم کے خاتمے کیلئے عالمی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔فتح کے ترجمان نے مزید کہا کہ وفد کل قاہرہ سے واپس آنے کے بعد اپنی بات چیت کی تفصیلات فلسطینی قیادت کے سامنے پیش کرے گا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ فتح تحریک فلسطینی اتحاد کی خواہاں ہے اور اس قومی مقصد پر تحریک کے اندر کوئی اختلاف نہیں۔مصری میڈیا کے مطابق جمعرات کو قاہرہ میں حسین الشیخ کی سربراہی میں فتح کے وفد نے خلیل الحیہ کی قیادت میں حماس کے وفد سے ملاقات کی۔ دونوں وفود نے ’’قومی موقف‘‘ اور ’’غزہ میں جنگ کے بعد کے انتظامات‘‘ پر بات چیت کی۔دوسری جانب ’’العربیہ‘‘ کے ذرائع نے بتایا کہ قاہرہ میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں وفود نے غزہ سمجھوتے کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق فریقین نے ملاقاتوں کے تسلسل اور فلسطینی صفوں کی تنظیمِ نو پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس پس منظر میں توقع ہے کہ قاہرہ آنے والے دنوں میں ایک جامع فلسطینی قومی مکالمہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا، جس میں غزہ کے مستقبل پر غور کیا جائے گا۔