معاشی طور پر با اختیار بنانے قبائلی اشیا کو بین الاقوامی سطح تک فروغ دینے کی وکالت
حیدرآباد۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے قبائلی عوام کو با اختیار بنانے ان کی تیار کردہ اشیا کی بہتر مارکٹنگ پر زور دیا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ قبائلی عوام کچھ نادر اور بہترین اشیا تیار کرتے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ خصوصی مارکٹ تیار کرتے ہوئے ان اشیا کی بہتر مارکٹنگ کرتے ہوئے ان کی فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قبائلی عوام کی اشیا کو بہتر انداز میں فروغ دیا جائے اور ان کی اچھی مارکٹنگ کی جائے تو اس سے قبائلی عوام کو بہتر فوائد مل سکتے ہیں اور اس سے ان کو معاشی با اختیار بنانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ گورنر نے پڈوچیری سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس راج بھون کے عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ڈاکٹر سوندرا راجن پڈوچیری کی زائد ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہیں۔ ریاستی گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ قبائلی امداد باہمی مارکٹنگ فیڈریشن سے اشتراک کرتے ہوئے قبائلی عوام کی تیار کردہ اشیا کی بہتر مارکٹنگ کے امکانات کو تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی معاشی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی مارکٹس تک رسائی اہمیت کی حامل ہے اور قبائلی عوام کو بہتر حالات زندگی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ گورنر نے مجوزہ تغذیہ منصوبہ کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جو خاص طور پر دور دراز کی آبادیوں میں مقیم قبائلی عوام کے حالات زندگی بہتر بنانے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ راج بھون سے جلدی ہی ایک سروے کیا جائیگا اور اس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن کے علاوہ انڈین ریڈ کراس سوسائیٹی سے بھی اشتراک کیا جائیگا ۔ یہ سروے موثر تغذیہ بخش پروگرام قبائلی عوام کیلئے تیار کرنے کے مقصد سے کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے میں قبائلی عوام کی شخصی اور ان کی آبادیوں ضروریات کا بھی خاص طور پر احاطہ کرتے ہوئے منصوبہ سازی میں مدد کی جائے گی ۔ سوریہ پیٹ میں پیر کی رات نیشنل جونئیر کبڈی چمپئن شپ میںایک گیلری کے انہدام اور کئی افراد کے زخمی ہونے کپر ڈاکٹر سوندرا راجن نے تشویش ظاہر کی اور انڈین ریڈ کراس سوسائیٹی کے والینٹرس پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کی ہر ممکنہ مدد کیلئے آگے آئیں اور انہیں راحت پہونچائیں۔