قبائل کو تعلیم ، روزگار اور معاشی ترقی میں حکومت سنجیدہ: ریونت ریڈی

   

اوورسیز اسکالرشپ جلد جاری کی جائے گی، قبائلی تنظیموں کے ساتھ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد ۔10۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں قبائل کو تعلیم، روزگار کے علاوہ معاشی طور پر مستحکم کرنے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے قبائلی تنظیموں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی بھلائی میں سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر نے آج سکریٹریٹ میں قبائلی گروپس اور ان کے عوامی نمائندوں سے ملاقات کی۔ قبائلی تنظیموں کے نمائندوں نے قبائل کو درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر سے درخواست کی گئی کہ قبائل کی تعلیم ، روزگار اور معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کریں۔ قبائلی علاقوں میں روڈ ٹرانسپورٹ، زراعت اور پینے کے پانی کی فراہمی کے اقدامات کی درخواست کی گئی۔ قبائلی قائدین نے آئی ٹی ڈی اے اداروں کو مستحکم کرنے کی اپیل کی۔ وزیر قبائلی بہبود ڈی انوسویا سیتکا ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور قبائل سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے اجلاس میں شریک تھے۔ چیف منسٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر پردیش کانگریس کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے پہلا اجلاس اندراولی کے قبائلی علاقہ میں منعقد کیا تھا۔ اندراولی کے شہیدوں کی یاد میں یادگار اور میموریل پارک کی تجویز ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو مکانات فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی قبائل سے انصاف کا آغاز ہوچکا ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کمرم بھیم کی یوم پیدائش اور برسی کو سرکاری طور پر منائیں۔ قبائل کے لئے اسٹڈی سرکل کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کو ان کی مادری زبان میں تعلیم دینے کا منصوبہ ہے۔ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے قبائلی طلبہ کے زیر التواء اوورسیز اسکالرشپ جلد جاری کئے جائیں گے ۔ قبائل کے بی ایڈ کالج میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی مراکز کے لئے نئی عمارتوں کی تعمیر کے سلسلہ میں عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے احتجاج کے دوران قبائل کے خلاف درج مقدمات سے دستبرداری کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ قبائلی علاقوں میں بورویلز کی کھدائی کے علاوہ اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے قبائلی کسانوں کو زرعی اغراض کے لئے مفت سولار پمپ سیٹس فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا نے ریاست کے قبائلی علاقوں میں درپیش مسائل سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔1