قبائیلی لڑکیوں کا پیچھا کرنے والے مسلم نوجوانوں کا سرقلم کرنے کی دھمکی

   

Ferty9 Clinic

عادل آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے ریمارکس سے نیا تنازعہ ، سخت کارروائی کیلئے اقلیتی قائدین کی نمائندگی
حیدرآباد ۔24جون ( پی ٹی آئی)بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے ایک نئے تنازعہ میں پھنس گئے کہ قبائیلی لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ یا پیچھا کرنے کی کوششوں میں ملوث کسی بھی مسلم نوجوان کا ’سرقلم کردیا جائے گا ‘ ۔ عادل آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سویم باپو راؤ کا ایک ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں انہوں نے یہ تبصرے کئے ہیں ۔ ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا کہ ’’ میں مسلم نوجوانوں سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں اگر آپ آدی واسی لڑکیوں کو چھیڑنے کی کوشش کریں گے تو آپ کا سر قلم کردیا جائے گا‘‘ میں اقلیتی نوجوان بھائیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ متحدہ عادل آباد ضلع میں وہ ہماری لڑکیوں کا پیچھا نہ کریں‘‘ ۔ باپو راؤ نے مزید کہا کہ’’اگر ہم آپ کا پیچھا کرنا شروع کریں گے تو پھر یہ آپ کیلئے بہت مشکل ہوجائے گا‘‘ ۔اقلیتی برادری کے قائدین کے ایک گروپ نے عادل آباد پولیس سے نمائندگی کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے ان ریمارکس پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اُن کے ریمارکس سے اقلیتوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ عادل آباد پولیس نے کہا کہ نمائندگی میں اس بات پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ باپو راؤ نے یہ تبصرے کب اور کہاں کئے ہیں ۔ عادل آباد پولیس کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ کے موہن نے کہا کہ تاحال کسی نے بھی کوئی شکایت درج نہیں کروائی ہے ۔