قبائیلی کسانوں کے مسائل پر آج کانگریس پارٹی کا ایک روزہ احتجاج

   

Ferty9 Clinic

قبائیلی قانون پر عمل آوری کا مطالبہ، سینئر قائدین کی شرکت متوقع
حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست نیوز) آل انڈیا آدی واسی کانگریس کے نائب صدرنشین ٹی بلیا نائک کل 19 جولائی کو دھرنا چوک اندرا پارک پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ فارسٹ رائٹس ایکٹ پر عمل آوری اور قبائیلی کسانوں کو اراضی کے حقوق الاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال منظم کی جارہی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، پارٹی قائدین کسم کمار، پونم پربھاکر ریڈی، ریونت ریڈی، سریدھر بابو ایم ایل اے، ویریا ایم ایل اے، جگاریڈی ایم ایل اے، سابق صدر پردیش کانگریس پونالا لکشمیا، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ تلنگانہ میں قبائیلی کسانوں کو اراضی سے محروم کرنے کی کوششوں کے خلاف آل انڈیا آدی واسی کانگریس نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ بلیا نائک نے بتایا کہ حیدرآباد میں حکومت کی توجہ دہانی کے بعد ضلع واری سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں قانون سازی کرتے ہوئے جنگلاتی اراضی کی کاشت کرنے والے کسانوں کو حقوق فراہم کئے گئے تھے لیکن ٹی آر ایس دور حکومت نے محکمہ جنگلات کے عہدیدار سرکاری اراضی کے نام پر بے دخل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔