قبا کالونی کے مکان میں سرقہ ، سارق گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مکانات میں سرقہ کرنے والے ایک بدنام زمانہ سارق کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چندرائن گٹہ مسٹر اے سدھاکر نے بتایا کہ 52 سالہ محمد سلیم عرف سنیل شٹی عرف ابراہیم عرف شٹی سلیم ساکن علی نگر کو گرفتار کرلیا ۔ قبا کالونی بنڈلہ گوڑہ کے ساکن شاہنواز مرزا کی جانب سے شکایت کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ ان کے مکان سے طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے سنیل شٹی کو گرفتار کرلیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ گرفتار سارق سابق میں 150 وارداتوں میں ملوث ہے ۔ اور اس کی مشتبہ شیٹ کنچن باغ پولیس اسٹیشن میں کھولی گئی ۔ محمد سلیم عرف سنیل شٹی پہلی مرتبہ سال 2018 میں پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کا سامنا کرچکا ہے ۔ جب کہ دوسری مرتبہ فلک نما پولیس کی جانب سے سال 2021 میں اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ۔ جاریہ سال اگست میں سنیل شٹی جیل سے رہا ہوا جس کو اپریل میں جیل منتقل کیا گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق تازہ کارروائی میں اس نے تین وارداتیں بنڈلہ گوڑہ اور ایک بالا پور پولیس حدود میں انجام دی تھی ۔ پولیس نے سنیل شٹی کے قبضہ سے 10 تولہ طلائی زیورات 10 تولہ چاندی کے زیورات ، جن کی مالیت 10 لاکھ روپئے بتائی گئی ضبط کرلیا ۔۔ ع