سلطان دائرہ میں گانجہ و شراب نوشی، کئی افراد حراست میں
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) شہر کے قبرستانوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی آئے دن خبریں میڈیا میں وائرل ہورہی ہیں۔ غیر سماجی عناصر قبرستانوں کو اپنی سرگرمیوں کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ چنچل گوڑہ اور اطراف کے علاقوں میں قبرستانوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نے سلطان دائرہ قبرستان میں کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو حراست میں لے لیا جو شراب نوشی اور گانجہ پینے میں مصروف تھے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب یہ کارروائی انجام دی گئی۔ زیر حراست افراد میں طالبعلم چندو اور لیبر محمد صادق شامل ہیں ۔ محمد حفیظ، محمد یوسف، عمران بن عالم اور محمد حمید کو شراب نوشی پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شدگان کو مادنا پیٹ پولیس کے حوالے کردیا۔ ایڈیشنل ڈی سی پی اے سرینواس راؤ اور انسپکٹر کے این پرساد ورما کی نگرانی میں یہ گامہم شروع کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قبرستانوں کے علاوہ دبیر پورہ ، اوور بریج روڈ اور چنچل گوڑہ جیل کے اطراف کے علاقوں میں کھڑی ہوئی خانگی بسوں میں اس طرح کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ بسوں کو ہٹائے جانے سے علاقہ میں ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے گی۔ گزشتہ دنوں پرانے شہر کے دائرہ میر مومن میں مقامی رکن اسمبلی نے پولیس کی مدد سے اچانک معائنہ کیا جہاں کالے جادو میں استعمال کی جانے والی اشیاء پائی گئیں۔ 1