قبرستانوں میں مفت تدفین کو یقینی بنانے ہیلپ لائین ڈیسک کا قیام

   

8 عہدیداروںکی 24 گھنٹے خدمات، جگہ کی فراہمی سے انکار پر کریمنل کیس: محمد سلیم
حیدرآباد ۔29۔ مئی(سیاست نیوز) مسلم قبرستانوں میں تدفین کیلئے رقم طلب کرنے اور غیر مقامی افراد کو جگہ نہ دینے کی شکایات ملنے پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حج ہاؤز نامپلی میں ہیلپ لائین ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وقف بورڈ کے 8 عہدیداروں کو ہیلپ لائین ڈیسک سے مربوط کیا جائے گا اور وہ 24 گھنٹے شکایات کی سماعت کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کریں گے۔ محمد سلیم کل 30 مئی کو ہیلپ لائین نمبر جاری کریں گے جس پر تلنگانہ کے کسی بھی علاقہ سے شکایت کی جاسکتی ہے۔ قبرستانوں میں فری تدفین اور ہر مسلمان کو تدفین کی جگہ فراہم کرنے کے لئے صدرنشین وقف بورڈ نے یہ مساعی کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ دنوں شہر کے مضافاتی علاقہ میں ایک مسلمان کی شمشان گھاٹ میں تدفین کے واقعہ کے بعد سخت موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے تدفین کی اجازت سے انکار کرنے والے قبرستانوں کی کمیٹیوں اور متولیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ شہر کے 5 مختلف قبرستانوں سے رجوع ہونے کے باوجود ایک مسلم خاندان کو تدفین کی اجازت نہیں دی گئی۔ محمد سلیم نے کہا کہ اگر کوئی کمیٹی یا متولی تدفین کیلئے جگہ کی فراہمی سے انکار کرے یا پھر رقم طلب کرے تو اس کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متولی قبرستان کا نگرانکار ہوتا ہے، اسے کوئی اختیار نہیں کہ مسلمان کو تدفین کیلئے جگہ سے انکار کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قبرستان میں کسی مسلمان کو تدفین سے روکا نہیں جاسکتا، چاہے وہ غیر مقامی کیوں نہ ہو۔ وقف بورڈ کی ہیلپ لائین ڈیسک کے عہدیداروں کو شکایت ملنے پر وہ مداخلت کرتے ہوئے تدفین کا انتظام کریں گے ۔ ضرورت پڑنے پر متعلقہ پولیس کی مدد حاصل کی جائے گی ۔ توقع ہے کہ صدرنشین وقف بورڈ کے اس اقدام سے قبرستانوں میں تدفین کا مسئلہ حل ہوگا اور متولیوں کی اجارہ داری ختم ہوگی۔