قبرستانوں میں مفت تدفین کے مسئلہ پر آج وقف بورڈ کے اجلاس میں غور

   

ہیلپ ڈیسک کے مثبت نتائج، اجلاس میں 45 مختلف امور پر غور ہوگا
حیدرآباد۔ 5 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس بروز ہفتہ 6 جون کو وقف بورڈ کے دفتر واقع حج ہائوز میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین محمد سلیم کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس کے لیے 45 ایجنڈا ایٹمس کو قطعیت دی گئی ہے۔ حالیہ عرصہ میں وقف بورڈ کی جانب سے قبرستانوں میں مفت تدفین اور ہر مسلمان میت کو جگہ فراہم کرنے کے سلسلہ میں شروع کردہ مہم کو ایجنڈے میں شامل رکھا گیا ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں ایک مسلم میت کو بعض قبرستانوں میں تدفین کی اجازت نہ دیئے جانے پر شمشان گھاٹ کی اراضی میں تدفین کی گئی تھی۔ اس تنازعہ کے پس منظر میں صدرنشین وقف بورڈ نے ہیلپ ڈیسک قائم کرتے ہوئے ہیلپ لائین نمبر جاری کیا جس پر عوام 24 گھنٹے کسی بھی وقت ربط پیدا کرتے ہوئے قبرستانوں میں تدفین کے سلسلہ میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ متولیوں اور منیجنگ کمیٹیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مسلم میت کو جگہ کی فراہمی سے انکار نہ کریں۔ متولیوں اور منیجنگ کمیٹیوں کی جانب سے رقومات کے مطالبہ پر بورڈ کے اجلاس میں غور کیا جائے گا اور تادیبی کارروائی کے سلسلہ میں فیصلہ ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیلپ ڈیسک کو ریاست کے مختلف حصوں سے روزانہ ٹیلی فون کالس موصول ہورہے ہیں۔ بورڈ کے عہدیدار متعلقہ قبرستان کی کمیٹی یا پھر متولی سے ربط قائم کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کررہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے غریب میتوں کی تدفین کے لیے وقف بورڈ سے 5 ہزار روپئے کی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ رقم ہیلپ ڈیسک کے عہدیداروں کے حوالے کی گئی تاکہ مستحق کو فوری مدد مل سکے۔ ایجنڈے میں مسجد اور درگاہوں کی کمیٹیوں اور متولیوں کی میعاد میں توسیع کے علاوہ بعض لا آفیسرس کی میعاد میں توسیع جیسے امور شامل ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ شہر میں بعض اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے سلسلہ میں وقف کونسل آف انڈیا کی مدد حاصل کرنے میں سنجیدہ ہیں تاکہ کامپلکسوں کی تعمیر سے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہو۔