قبرستانوں کی اراضی کے لیز کے خلاف وقف بورڈ کا آئندہ اجلاس میں فیصلہ

   


قراردادوں سے دستبرداری کا امکان، شاہنواز قاسم نے حکومت کو رپورٹ پیش کی
حیدرآباد۔ تلنگانہ وقف بورڈ قبرستانوں کی اراضی کو لیز پر دینے سے متعلق اپنے فیصلہ سے دستبرداری کی تیاری کررہا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) جو انچارج چیف ایگزیکیٹو آفیسر ہیں انہوں نے قبرستان و چھلہ محبوب سبحانی کوکہ پیٹ ضلع رنگاریڈی اور قبرستان جان اللہ شاہ افضل گنج کی اراضی کو لیز پر دینے سے متعلق وقف بورڈ کے فیصلوں پر روک لگادی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کی اور حکومت نے قبرستانوں کی اراضی کو لیز پر دیئے جانے کے خلاف فیصلہ لیا ہے۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے سابق میں منظورہ قراردادوں سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے وقف بورڈ کے اجلاس میں دونوں قبرستانوں کی اراضی کے بارے میں سابقہ قراردادوں سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی۔ اجلاس کے ایجنڈہ میں دونوں قبرستانوں کے لیز کے معاملہ کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رنگاریڈی ضلع کے گنڈی پیٹ منڈل میں 4416 مربع گز اراضی ریسٹورنٹ کی تعمیر کیلئے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سابق چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد قاسم نے 14 ڈسمبر کو اس سلسلہ میں پروسیڈنگ جاری کردی اور لیز ہولڈر اور وقف بورڈ کے درمیان معاہدہ باقی تھا۔ اسی دوران حکومت نے شاہنواز قاسم کو چیف ایگزیکیٹو آفیسر کی ذمہ داری دی جنہوں نے اس معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے احکامات پر عمل آوری کو روک دیا۔ اسی طرح افضل گنج میں واقع قبرستان جان اللہ شاہ کی اراضی پر کمرشیل کامپلکس کی تعمیر کیلئے متولی نے بلڈر سے معاہدہ کرتے ہوئے وقف بورڈ سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ دونوں معاملات میں چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے پروسیڈنگ پر روک لگادی اور مسلمانوں میں پھیلی بے چینی کو دیکھتے ہوئے وقف بورڈ نے اپنی قراردادوں سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ عہدیداروں کی جانب سے رپورٹ طلب کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ قبرستانوں کی اراضیات کا تحفظ ہو۔