چینائی ۔13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ انکم ٹیکس نے تامل ناڈو کے ایک قبرستان سے 433 کروڑ روپے کا خزانہ برآمد کیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے 9 دنوں تک قبرستان میں کھدائی کی ، جس کے بعد وہاں سے کئی کلو سونا ،کروڑوں کے ہیرے اور کئی کروڑ نقد برآمد ہوا ہے۔ تادم تحریر محکمہ انکم ٹیکس کی جانچ جاری ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کو اطلاع ملی تھی کہ تامل ناڈو کے مشہور سرونا اسٹور ، لوٹس گروپ اور جی اسکاور نے چینائی میں ایک جائیداد خریدی ہے۔ اس پراپرٹی کی قیمت 180 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے اور اس کو نقد میں خریدا گیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کو خبر ملی تھی کہ اس معاہدہ میں ٹیکس کی چوری کی گئی ہے۔ مصدقہ جانکاری ملنے کے بعد محکمہ انکم ٹیکس نے ان کمپنیوں کے چینائی اورکوئمبتور کے 72 ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ اس کارروائی کی شروعات میں محکمہ انکم ٹیکس کو کچھ بھی ہاتھ نہیں لگا ، لیکن ایک مخبر کی اطلاع پر انہوں نے ایک قبرستان میں چھاپہ مارا اور وہاں سے انہیں جو ملا ، اس کو دیکھ کر سبھی کے ہوش اڑ گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ گروپ کے مالکوں کو محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپہ کی خبر پہلے ہی مل گئی تھی اور انہوں نے اپنا سارا خزانہ 28 جنوری کو ہی قبرستان میں چھپا کر رکھ دیا تھا۔ قبرستان سے 12.53 کلوگرام سونا ، 626 کیرٹ ہیرے اور 25 کروڑ نقد برآمد ہوئے ہیں۔