قبرستان میں جگہ نہ ملنے پر مسلم شخص کی شمشان میں تدفین!

   

ہندو شخص نے مسلم میت کی تدفین میں مدد کی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
حیدرآباد ۔26۔ مئی(سیاست نیوز) مسلم شخص کو ہندو شمشان گھاٹ میں تدفین کرنے کی ایک خبر آج دن بھر سوشیل میڈیا پر گشت کرتی رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ گدوال سے تعلق رکھنے والے معمر شخص خواجہ میاں جو دل کا دورہ پڑنے سے 22 مئی کو فوت ہوگئے تھے، ان کے افراد خاندان ان کی تدفین کیلئے 6 مسلم قبرستانوں میں تدفین کیلئے جگہ کیلئے پہنچے تھے لیکن متوفی شخص کی نعش کو غیر مقامی ہونے کے بہانے تدفین کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سوشیل میڈیا پر گشت کر رہے ویڈیو میں یہ بھی بتا یا گیا کہ خواجہ میاں کے افراد خاندان نے لنگرحوض، پیرم چیرو اور مسجد رحمت اللعالمین کے ذمہ داران سے قبر کیلئے جگہ طلب کی تھی لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی شخص کی تدفین کیلئے کوئی بھی مسلم قبرستان میں جگہ نہ ملنے پر گندم گوڑہ کے ایک ہندو شمشان گھاٹ میں تدفین عمل میں آئی۔ خواجہ میاں کے افراد خاندان کے بیان کے مطابق ان کی مدد کے لئے کوئی بھی مسلم قبرستان کے ذمہ داران نے تعاون نہیں کیا جس کے نتیجہ میں ایک ہندو شخص نے شمشان گھاٹ میں نعش کی تدفین کیلئے مدد کی ۔ اس خبر کی توثیق کرنے کیلئے تحصیلدار گنڈی پیٹ منڈل ، وی آر او اور اسٹیشن ہاوز آفیسر نارسنگی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے جواب موصول نہیں ہوا۔