قبرستان کی اراضی پر ناجائز تعمیرات منہدم کرنے وقف بورڈ کی مساعی: محمد سلیم

   

محرم کیلئے مزید 8 لاکھ روپئے کی اجرائی، ائمہ و موذنین کا اعزازیہ بھی جاری

حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے دارالسلام روڈ پر واقع قبرستان آخرت منزل پر ناجائز تعمیرات کے خلاف ڈپٹی کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سرکل 14 کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی خواہش کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید نے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت پر آج یہ مکتوب روانہ کیا جس میں اوقافی اراضی پر غیر مجاز قبضے اور تعمیر کے خلاف کارروائی کی خواہش کی گئی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ بلدیہ کو قبرستان کے تحفظ کیلئے غیر قانونی تعمیر فوری منہدم کرنی چاہیئے۔ محمد سلیم نے رجسٹریشن حکام کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قبرستان کی اراضی کا رجسٹریشن فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ قبرستان کے تحفظ کیلئے تمام ضروری قانونی قدم اٹھائے گا۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ماہ محرم الحرام کے لئے عاشور خانوں اور انجمنوں کو مزید 8 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ اس طرح اب تک جملہ 18 لاکھ روپئے عاشور خانوں اور انجمنوں کو جاری کئے گئے۔ انہوں نے ائمہ اور موذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے سلسلہ میں ماہ مئی کا اعزازیہ جاری کردیا۔ جس کے تحت 3 کروڑ 98 لاکھ روپئے کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ ائمہ اور موذنین کو مزید تین ماہ کا اعزازیہ جاری کرنا باقی ہے۔ انہوں نے 328 بیواؤں کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ گزارے کی رقم کے طور پر 4 لاکھ 93 ہزار روپئے جاری کئے ۔ یہ رقم ماہ اگسٹ کی ہے۔ اسی دوران یاقوت پورہ میں عاشور خانہ کی چھت کی تعمیر کیلئے بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانہ امام باڑہ کی تعمیر و مرمت کیلئے جو بھی رقم درکار ہوگی وقف بورڈ جاری کرے گا۔