قبرص میں وروشا کو کھولنے کا ترک منصوبہ، اقوام متحدہ کی تنقید

   

نیویارک ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ وروشا کو دوبارہ کھولنے کے منصوبہ سے قبرص میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور اس ترک اقدام سے تصفیے کے امکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ترکی نے اس تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 23 جولائی ترکی کی جانب سے شمالی قبرص کے ساحلی شہر وروشا کو دوبارہ کھولنے کے منصوبوں کی مذمت کی۔ یہ شہر 1974 میں اس تنازعہ کے بعد سے بند پڑا ہے، جس کے باعث جزیرہ قبرص دو حصوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ عالمی ادارے کی سلامتی کونسل نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا، سلامتی کونسل کا مطالبہ ہے کہ اس سے متعلق تمام عملی اقدامات روک دیے جائیں اور اکتوبر 2020 کے بعد سے وروشا سے متعلق جو بھی اقدامات کیے گئے ہیں، انہیں بھی واپس لیا جائے۔