استنبول: القدس کانفرنس میں مقررین نے کہاہے کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول اور ان کی محبت و عقیدت کا مرکز ہے۔ مسلمان القدس کی حفاظت کے لیے اپنا تن من دھن سب قربان کرنے کے لیے تیار ہیں ،اس کاثبوت اسرائیل کے غیر قانونی قبضے سے لے کر تاحال مسلمان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دیتے چلے آرہے ہیں ، قبلہ اول کی آزادی کے لیے امت مسلمہ کو بیدار ہونا ہوگا، کلنا مریم(ہم سب مریم ہیں)کے نام سے تحریک القدس کے لیے بنائی گئی مسلم خواتین کی بین الاقوامی این جی او اور حکومت ترکی کے تحت ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ القدس کانفرنس میں دنیا کے 25ملکوں سے تقریباً 500 وفود نے شرکت کی۔ پاکستان سے ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈپٹی ڈائریکٹر افشاں نوید اور دیگر ٹیم ممبران شریک ہوئیں۔کویت سوڈان، پاکستان، اردن، قطر، سعودی عرب، ناروے، جرمنی، انڈونیشیا، لبنان ،قبرص ،عراق ،یوکے،ملائیشیا سے خواتین نے اس کانفرنس میں شرکت کی،اس موقع پرکانفرنس سے اپنے خطاب میں ترکی کے وزیراعظم کی اہلیہ امینہ اردوان نے کہا کہ القدس کے ساتھ مسلم امہ کی محبت کی بدولت مختلف ممالک و زبانوں کی حامل خواتین یہاں جمع ہوئی ہیں ۔