قبل از وقت مانسون ‘ تلنگانہ میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ

   

چند اضلاع میں سطح آب میں کمی بھی درج کی گئی ۔ محکمہ آبی وسائل کی رپورٹ

حیدرآباد10جون(یواین آئی) تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون کے تحت بارش نے نہ صرف موسم کو خوشگوار بنایا بلکہ زمین کی تہہ کو بھی ٹھنڈا کر دیا ہے ۔ عموما شدید گرمی کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح گر جاتی ہے ، تاہم اس بار اس میں اوسطاً 0.30 میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ آبی وسائل نے تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے ۔ ماہرین کے مطابق عموماً زیرِ زمین پانی کی سطح مئی سے اکتوبر تک بڑھتی ہے ، اس کے بعد ایک دو ماہ تک یہ سطح مستحکم رہتی ہے ، اور پھر آہستہ آہستہ نیچے جاتی ہے لیکن اس سال اپریل کے دوسرے ہفتہ سے موسم ٹھنڈاہوگیا اور درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی۔ اسی دوران مانسون جلد تلنگانہ میں داخل ہوا اور بارش شروع ہو گئیں۔ بارش اور پانی کے استعمال میں کمی کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا، جو ماہرین کے مطابق مئی میں ایک غیر معمولی بات ہے ۔2024 کے مئی میں ریاست کی اوسط زیرِ زمین پانی کی سطح 10.06 میٹر تھی جو کہ 2025 کے مئی میں 10.36 میٹر ہو گئی، یعنی 0.30 میٹر کا اضافہ ہوا ۔ گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس بار 18 اضلاع میں اضافہ درج کیا گیا ۔ سب سے زیادہ اضافہ جے شنکر بھوپال پلی ضلع میں 3.05 میٹر ریکارڈ کیا گیا۔ ناگرکرنول میں 2.74 میٹر، سوریا پیٹ میں 1.70 میٹر اور نلگنڈہ میں 2.32 میٹر کا اضافہ ہوا۔دوسری طرف حیدرآباد اور ہنمکنڈہ میں سب سے کم یعنی صرف 0.17 میٹر کا اضافہ نوٹ کیا گیا ۔اگرچہ مجموعی طور پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ، لیکن گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال مئی میں 15 اضلاع میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ان میں سب سے زیادہ سنگاریڈی میں 1.61 میٹر اور ورنگل میں 0.04 میٹر کی کمی دیکھی گئی۔ تاہم اپریل کے مقابلہ میں مئی میں ان اضلاع میں بھی سطح بلند ہوئی ۔محکمہ آبی وسائل کے ڈائرکٹر لکشما نے کہا کہ اس سال زیرِ زمین پانی کی صورتحال بہتر رہنے کی توقع ہے ۔ 2024-25 کے آبی سال (جون تا مئی) میں ریاست میں معمول سے 32 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔ ریاست میں اوسط سالانہ بارش 919 ملی میٹر کے مقابلہ 1,216 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔تلنگانہ کے سب سے زیادہ بارش والے ضلع کے طور پر نارائن پیٹ سامنے آیا، جہاں عام طور پر 618.9 ملی میٹر بارش ہوتی ہے ، اس سال 1,184.1 ملی میٹر یعنی 91 فیصد زیادہ ہوئی۔