قتل‘اللہ کے غضب اور لعنت کا باعث

   

پولیسنگ کو مستحکم کرنے کی ضرورت،سابق ایم ایل سی محمد سلیم
حیدرآباد۔26نومبر (پریس نوٹ) سابق رکن قانون ساز کونسل و صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ و تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے شہر میں قتل کی واردات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیسنگ کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔ بی آر ایس قائد نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے یہ دیکھا جارہا ہے کہ قتل جیسی سنگین واردات کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہواہے جس سے پولیس کی ناقص کارکردگی عیاں ہوتی ہے۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ معمولی تلخ کلامی‘ باہمی اورمالیاتی معاملات میں فریب و دھوکہ دہی اور رشتوں کی حرمت کی پامالی کے باعث قتل جیسے سنگین جرم کا ارتکاب عام ہونے لگا ہے جس کی ایک اہم اوراصل وجہ غصہ پر قابو پانے کی صلاحیت کا کھودینا ہے اور ساتھ ہی آپسی تنازعات و اختلافات کو پرامن طریقہ سے حل کرنے کے میکانزم کا فقدان ہے۔جرائم پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ حیدرآباد میں پولیس کو روایتی گشت میں اضافہ‘ عادی مجرمین کی سرگرمیوں پر خفیہ نظر رکھنے اور ان کی نقل و حرکت کی نگرانی کرنے اور وقوعہ کے بعد گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ جرائم کی روک تھام کے لئے ایک ایسا میکانزم تیار کرنا ہوگا جس کے ذریعہ علاقہ واری سطح پر تنازعات میں ملوث لوگوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھتے ہوئے عادی مجرموں کو جرائم کا ارتکاب کرنے سے روکا جائے۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ ملی تنظیموں اور محلہ کے بزرگوں کو بھی ان جرائم کے تدارک کے لئے عملی اقدامات پر غور کرنا ہوگا۔ مسجد واری سطح پر ایسا انتظام کرنا ہوگا کہ لوگوں کے آپسی تنازعات کا شریعت کی روشنی میں حل پیش کیا جائے اور لوگوں پر ظلم کرنے والوں پر سماجی دباؤ قائم کرتے ہوئے ان کی زیادتیوں پر روک لگائی جائے۔ نقص امن کے لئے خطرہ ثابت ہونے و الوں کے خلاف علاقہ کے بااثر لوگوں کو پولیس سے رجوع ہوتے ہوئے ان پر کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو راغب کیا جائے۔