قتل معمہ اندرون 24 گھنٹے حل

   

ناجائز تعلقات کے افشاء کے شبہ میں وحشیانہ واقعہ، ڈپٹی کمشنر ورنگل کا بیان
حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) ضلع ورنگل ( اربن) قلعہ ورنگل منڈل کے نکلاپلی موضع میں پائی جانے والی اینٹ کی بھٹی کے مقام پر پیش آئے سنسنی خـیز قتل واقعہ کا اندرون 24 گھنٹے مامنور پولیس نے پتہ چلایا۔ سمجھا جاتا ہے کہ محض ایک خاتون کے ایک نوجوان کے ساتھ پائے جانے والے ناجائز جنسی تعلقات کا بیٹے کو شبہ چل جانے کے شک کی بنیاد پر ہی معصوم لڑکے کا قتل کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ضلع ورنگل اربن مسٹر ناگا راجو نے مامنور پولیس اسٹیشن میں گزشتہ دن اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست اڑیسہ ہلنگیری ضلع کے موضع سومیشورا سے تعلق رکھنے والی بی سنجو سے اسی ضلع کے ڈیڈوماری موضع سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ غیر شادی شدہ نوجوان بی نروتیا کیرا نے ناجائز جنسی تعلقات پیدا کرلئے اور اینٹ کی بھٹی میں کام کرکے زائد آمدنی حاصل کرنے کے مقصد سے لالچ دلاکر دو ماہ قبل مذکورہ نوجوان نے اپنے بھائیوں کے ساتھ ساتھ اپنے ناجائز تعلقات پائے جانے والی خاتون بی سنجو اور شوہر کے علاوہ تین بچوں کے ساتھ قلعہ ورنگل منڈل کے موضع نکاپلی پہنچا۔ اس کے بعد تمام افراد ایک ہی اینٹ کی بھٹی میں کام کرنا شروع کئے

لیکن سنجو کا بڑا لڑکا 11 سالہ دنیش گھر کے پاس ہی رہا کرتا تھا جس کے پیش نظر سنجو کے نروتیا کے ساتھ پائے جانے والے ناجائز جنسی تعلقات کا دنیش کو پتہ چل جانے کا نروتیا کو شک و شبہ ہونے لگا اور ان ناجائز تعلقات کا پتہ چل جانے کے امکان سے خوفزدہ ہوکر سنجو کے بیٹے دنیش کو راستہ سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دو دن قبل یعنی 12 جنوری کو دوپہر کے وقت دنیش کو زبردستی نکلا پلی تالاب کے قریب جھاڑیوں میں لے گیا اور گلے کو توال سے سختی کے ساتھ باندھ کر ہلاک کرکے وہاں سے نروتیا فرارہوگیا۔ اسی دوران دنیش کے دکھائی نہ دینے پر تلاش کرنے کے دوران 13جنوری پیر کے دن نعش دستیاب ہوئی جس کے ساتھ ہی مامنور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا اور شک کی بنیاد پر تحقیقات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے اندرون 24 گھنٹے 24 سالہ نروتیا کیرا کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس پر نروتیا نے اقبال جرم کرلیا اور بتایا کہ دنیش کا قتل ماں سنجو کو مطلع کئے بغیر ہی انجام دیا گیا اور اس طرح اس قتل واقعہ سے ماں سنجو کا کوئی تعلق نہ رہنے کا پتہ چلا۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 سالہ لڑکے دنیش کے قتل واقعہ کے اندرون 24 گھنٹے پتہ چلا کر بے نقاب کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ورنگل اربن مسٹر ناگا راجو، اسسٹنٹ کمشنر پولیس مسٹر شیام سندر اور سرکل انسپکٹر مسٹر ایس راجہ کی کمشنر پولیس ورنگل اربن مسٹر رویندر نے زبردست ستائش کی۔