حیدرآباد۔ راجندر نگر پولیس نے ایک شخص کے قتل کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد بشمول ایک پولیس کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس راجندر نگر کے اشوک چکرورتی نے کہا کہ پولیس کانسٹبل شوکت ساکن سلیمان نگر حسن نگر جو رائے درگم پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہے اور گھریلو جھگڑوں کے نتیجہ میں اپنے بہنوئی سے مخاصمت رکھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت نے اپنے بہنوئی کو قتل کرنے کیلئے راجیش اور مہیندر نامی کنٹراکٹ قاتلوں سے رابطہ کیا اور 5 لاکھ روپئے سپاری دینے کا وعدہ کیا اور بطور پیشگی 70 ہزار روپئے بھی ادا کردیئے اور بقایا رقم بعد قتل ادا کرنے کی بات بتائی تھی۔ ایک خفیہ اطلاع پولیس راجندر نگر کو موصول ہونے پر پولیس نے شوکت کو حراست میں لے لیا اور تفتیش پر اس نے سازش سے متعلق تمام تفصیلات سے واقف کروایا ۔ پولیس کمشنر سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے پولیس کانسٹبل کو معطل کردیا اور گرفتار شدہ پولیس کانسٹبل کے علاوہ دیگر دو افراد کو عدالت میں پیش کردیا۔