ممبئی ۔ 13 مئی (یو این آئی) مہاراشٹرا کے پالگھر ضلع میں تھانے دیہی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 15 سال سے قتل کے مقدمے میں مفرور ایک 66 سالہ شخص سنتوش دیہو کرہاڈے کو گرفتار کر لیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی نے منگل کو بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے گزشتہ ہفتے واڈا علاقے سے ملزم کو حراست میں لیا۔ ان کے مطابق کرہاڈے پر الزام ہے کہ اس نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر سریش راوجی واگھ کو 5 جون 2009 کو ایک تنازعے کے دوران پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد سے کرہاڈے مسلسل فرار تھا، جبکہ دیگر دونوں ملزمان کو پولیس نے پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔ اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سہنتا کی دفعات 302 (قتل)، 324 (خطرناک ہتھیار سے چوٹ پہنچانا) اور 504 (جان بوجھ کر توہین کر کے امن میں خلل ڈالنا) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔