قتل کے ذریعہ بیٹی کے ساتھ نازیبا حرکت کا انتقام

   

بیرون ملک سے آکر قتل کے بعد پھر بیرون ملک واپس، ویڈیو منظر عام ، پولیس حیران

حیدرآباد۔/12ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ایک شخص نے قتل کے ذریعہ بیٹی کے ساتھ نازیبا حرکت کا انتقام لیا۔ بیرون ملک سے راتوں رات وطن پہنچا اور قتل کے بعد بیرون ملک واپس بھی ہوگیا۔ مشتبہ حالت میں موت تصور کرنے والی پولیس خود ایک ویڈیو سے حیران ہوگئی جس میں قاتل نے اپنا اقبال جرم کرتے ہوئے انتقام پر اطمینان کا اظہار کیا اور وطن واپس ہونے کے بعد خود سپردگی اختیار کرنے کا وعدہ کیا۔ یہ سنسنی خیز واقعہ ریاست آندھرا پردیش کے انا میا ضلع میں پیش آیا۔ ضلع کے کوتہ منگم پیٹا گاؤں میں ایک 59 سالہ شخص کی مشتبہ موت واقع ہوئی۔ پولیس ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ تصور کررہی تھی کہ 59 سالہ بی انجیا کی مشتبہ انداز میں موت واقع ہوئی لیکن چند روز بعد ایک ویڈیو کو دیکھنے کے بعد پولیس خود حیرت کا شکار ہوگئی۔ اس ویڈیو کو جو خود قاتل نے جاری کیا منگم پیٹا کے علاوہ انامیا ضلع میں سنسنی کا باعث بن گیا جو اب سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ ایک باپ کی حرکت پر مختلف انداز میں تبصرے کئے جارہے ہیں ۔ بہرحال قتل کسی بھی صورت میں ناقابل قبول ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جی انجیا جو قاتل کا قریبی رشتہ دار تھا اس نے قاتل کی 12 سالہ لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔ لڑکی کے والدین کویت میں ملازمت کرتے ہیں اور لڑکی کو انہوں نے اپنی بہن بہنوائی کی نگرانی میں رکھا۔ ایک دن لڑکی نے والدہ کو فون پر بتایا کہ انجیا نے اس کے ساتھ نازیبا حرکت کی ہے۔ لڑکی کی والدہ نے اپنی بہن سے اس واقعہ کے تعلق سے دریافت کیا لیکن اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر خاتون نے فوری کویت چھوڑ دیا اور اپنے وطن واپس پہنچی اور مقامی پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے انجیا کو طلب کیا اور کونسلنگ کے بعد چھوڑ دیا۔ خاتون نے سارے واقعہ کی اطلاع کویت میں موجود اپنے شوہر کو دی ۔ میاں اور بیوی انجیا کو سزا دلانا چاہتے تھے اور سزا نہ ملنے پر دونوں برہم تھے۔ شوہر نے راتوں رات وطن کا رخ کیا اور انجیا کا قتل کرنے کے بعد کویت روانہ ہوگیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع