نئی دہلی۔ 3ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے شدید بارش کی وجہ سے کیرلا کے وائناڈ میں ہونے والے نقصان کے سلسلے میں قبائلی امور کے مرکزی وزیر ارجن منڈا اور کیرلا کے وزیرا علیٰ پی وجین کو خط لکھ کر متاثرین کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے ۔ راہول گاندھی نے منگل کو منڈا اور وجین کو خط لکھا اور کہا کہ حال ہی میں انہوں نے اپنے پارلیمانی حلقے کا دورہ کیا۔ تباہ کن سیلاب اور شدید بارش کی وجہ سے وائناڈ کے کئی علاقوں میں شدید نقصان ہوا۔ بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مرکز اور ریاست سے متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ منڈا کو خط لکھ کر انہوں نے کہا کہ ان کے پارلیمانی حلقے کی بڑی آبادی قبائلی ہے ۔ سیلاب میں گھر بہنے اور شدید بارش کی وجہ سے تودہ کھسکنے سے کئی قبائلیوں کے گھر اجڑ گئے ہیں۔ عوام اس قدرتی آفت سے بے حال ہیں اور ان کے سامنے زندگی کے گزر بسر کا کوئی راستہ نہیں ہے ۔