قدرتی وسائل کو خانگی افراد کے حوالے کرنے کی سازش

   

قانون سے فوری دستبرداری پر زور، قائد آدی واسی تحریک شانتی منڈا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) ملک کے قدرتی وسائل کو خانگی افراد کے حوالے کرنے کی بڑے پیمانے پر سازش کی جارہی ہے اور جنگلاتی قانون میں ترمیم کے ذریعہ سازش پر عمل آوری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند بھارت کھیت مزدور کسان سبھا میں شریک قائدین نے کیا۔ (اے آئی کے ایم کے ایس) کی جانب سے وشاکھاپٹنم میں جلسہ عام گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب واقع وسیع میدان میں منعقد ہوا۔ اس جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی آدیواسی تحریک کی قائد شانتی منڈا نے کہاکہ ملک کے قدرتی وسائل کو خانگی افراد کے حوالے کرنے کیلئے جاریہ سال جنگلاتی قوانین میں ترمیم کی گئی۔ اس خاتون میں ترمیم کا راست اثر آدیواسی عوام پر پڑے گا۔ آدیواسی جنگلاتی قانون میں ترمیم سے اپنی شناخت کھودیں گے۔ اس طرح جنگلات کے قدرتی وسائل کو حاصل کرنا آسان ہوجائے گا۔ ’’جل جنگل زمین ہمارا ہے‘‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے شانتی منڈا نے کہا کہ اس قانون کو فوراً واپس لیا جائے۔ نکسل بری تحریک میں راست حصہ لینے والی اس خاتون قائد نے کہا کہ منظم تحریک کے ذریعہ سازشوں کو ناکام بنانے کا وقت آ گیا ہے۔ جنگلات، معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حوالے کرنے کیلئے ہی ملک کی مرکزی حکومت نے جنگلاتی قانون میں ترمیم کی ہے۔ اس جلسہ عام میں شریک قائدین نے کہا کہ تحریک کے ذریعہ ہی حقوق کا تحفظ اور حق تلفی کا منہ توڑ جواب دیا جاسکتا ہے۔ اس جلسہ عام میں رعیتو کولی سنگھم کے ریاستی جوائنٹ سکریٹری ڈی ورما نے کہا کہ سرکاری اداروں کو خانگیانہ کی مرکزی حکومت مذموم کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کو خانگیانہ کے خلاف جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ع
اس موقع پر اے آئی ایف ٹی یو کے ریاستی صدر گرم وجے اے پی ریتو سنگھم کے نائب صدر کیشوراؤ وشاکھا اسٹیل پلانٹ کی مسلمہ یونین کے جنرل سکریٹری روی نارائنا، تلنگانہ رعیتو کولی سنگھم کے صدر آنند، ایلندو کے سابق رکن اسمبلی نرسایا، ایجنسی گریجن سنگم کے قائدین و دیگر موجود تھے۔ع