نئی دہلی: معروف ماہر ماحولیات انل پرکاش جوشی نے منگل کو کہا کہ عیش پرست زندگی کے لئے ماحولیات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی وجہ سے ہی کورونا وبا اور بار بار گردابی طوفانوں کا لوگوں کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پدم شری اور پدم بھوشن سے نوازے گئے ڈاکٹر جوشی نے انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کی طرف سے منعقدہ ایک لیکچر میں کہاکہ انسان نے اپنی زندگی کو آسان بنانے اور عیش پرست زندگی کے لئے قدرت کے ساتھ ظلم کیا ہے جس کی و جہ سے بیماریاں اور قدرتی آفات بار بار آرہی ہیں۔ اس موقع پر کونسل کے ڈائرکٹر جنرل ترلوچن مہاپاترا بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ماحولیاتی عدم تحفظ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ اکولوجی کو مد نظر رکھ کر معیشت کی خاکہ تیار کیا جانا چاہئے ۔ جنگل سے ہمیں زندگی، پانی، غذا اور صاف ہوا ملتی ہے لیکن ترقی کے نام پر جنگلوں کو ختم کردیا گیا جس کی وجہ سے مٹی اور ہوا کا معیار نہایت خراب ہوگیا۔ کورونا وبا کے دوران لوگوں کو زندگی بچانے کے لئے قدرتی آکسیجن کی جگہ مصنوعی آکسیجن کا سہارالینا پڑا۔