قدرت کا کرشمہ ، بچہ کے رونے کی آواز پر ماں کوما سے باہر

   

حاملہ خاتون کے زندہ بچنے کی اُمیدیں ختم ہوگئی تھیں، واقعہ پر ڈاکٹرس حیران
حیدرآباد۔/20 جنوری ( محمد نعیم وجاہت ) قدرت کا کرشمہ ایک مرتبہ پھر دیکھنے کو ملا ہے ۔ حاملہ خاتون کے کوما میں چلے جانے کے بعد ڈاکٹرس نے کم از کم بچہ کو زندہ بچانے خاتون کی آپریشن کے ذریعہ ڈیلیوری کی۔ بچہ کے رونے کی آواز پر ماں کوما سے باہر آگئی۔ یہ واقعہ ضلع کھمم کے بھدراچلم گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب کوناورم منڈل ٹیکولابورگاوں کی خاتون ناگمنی کی 4 فروری کو ڈیلیوری مقرر تھی۔ بی پی کی گولیاں استعمال کرنے پر خاتون کو سانس لینے میں تکلیف ہوگئی جسے فوری کورتلا گٹہ سی ایچ سی سنٹر منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرس نے معائنہ کے بعد نازک حالت کو دیکھتے ہوئے بھدرا چلم ایریا ہاسپٹل لیجانے کی ہدایت دی۔ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کوٹی ریڈی نے اس مسئلہ سے چنتور آئی ٹی ڈی اے کے پی او اے وینکٹ رمنا، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر پلیا کو واقف کرایا تب تک حاملہ خاتون ناگمنی کوما میں چلی گئی۔ بھدرا چلم کے ڈاکٹرس کی ہر ممکن کوشش کے بعد بھی خاتون میں کوئی حرکت نظر نہیں آئی۔ موت کی آغوش میں پہنچ جانے والی خاتون کی حالت کو دیکھ کر ڈاکٹر کوٹی ریڈی، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر پلیا نے کم از کم خاتون کے پیٹ میں موجود بچہ کو بچانے کی بھدرا چلم ایریا ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ راما کرشنا سے خواہش کی۔ خاتون کی نازک حالت کے تعلق سے شوہر ستیہ نارائنا اور بھائی ناگیشور راؤ کو سمجھاتے ہوئے بچہ کو بچانے کیلئے راضی کرالیا۔ ڈاکٹر راما کرشنا کی زیر نگرانی ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے حاملہ خاتون کا آپریشن کیا گیا جس میں مرد بچہ پیدا ہوا۔ بچہ کے رونے کی آوازیں سننے کے بعد ماں کوما سے باہر آگئی۔ قدرت کے اس کرشمہ پر ڈاکٹرس حیران رہ گئے اور اس خاتون کو طبی امداد فراہم کی ۔ فی الحال زچہ اور بچہ محفوظ ہیں اور بھدرا چلم کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ن