ریاض ۔سعودی عرب کے طالب علم نے نادر قلمی نسخوں اور قدیم کتابوں کو بیکٹیریا سے محفوظ رکھنے اور ان کی عمر کو طویل کرنے کے لیے انتہائی آسان طریقہ ایجاد کیا ہے۔طلب علم کی اس ایجاد کو رجسٹر کروانے کے لیے شاہ عبدالعزیز تحقیقی مرکز اور چھوٹی صنعتوں کی اتھارٹی میں پیش کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عیسر ریجن میں ثانوی جماعت کے طالب علم محمد الشھری نے کہا کہ قدیم قلمی نسخوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ایجاد کو سراہا گیا ہے۔الشھری نے مزید کہا شاہ عبدالعزیز تحقیقاتی مرکز اورچھوٹی صنعتوں کی اتھارٹی کی جانب سے ملنے والی حوصلہ افزائی سے مزید محنت کی راہیںہموار ہوں گی جس سے نہ صرف مجھے بلکہ دیگر طلبہ کو بھی حوصلہ ملے گا جس سے معاشرے کو نت نئی ایجادات ملیں گی۔دوسری جانب ریجنل ڈائریکٹر ایجوکیشن سعد الجونی نے طلب علم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہ عبدالعزیز فاونڈیشن اور چھوٹے صنعتی اداروں کی اتھارٹی کی جانب سے طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو ابھارنے اور ان میں تخلیق و ایجاد کا رجحان پیدا کرنے کے لیے مقابلے کا انعقاد بہترین اقدام ہے اس سے طلبہ کے اندر محنت کرنے اور مثبت مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے اور ان تخلیقی صلاحتیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ڈائریکٹر ایجوکیشن نے مزید کہا الشھری کی ایجاد کو اتھارٹی اور فاونڈیشن کے لیے منتخب کیا جانا قابل افتخار ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اس نے مثالی کارنامہ انجام دیا ہے۔واضح رہے شاہ عبدالعزیز فاونڈیشن اور چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے والی اتھارٹی کی جانب سے طلبہ کی تخلیقی صلاحتیوں کو ابھارنے اور انہیں سائنسی ایجادات کیلئے مواقع فراہم کرنے کے لئے صلاحیت کے عنوان سے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔اس ضمن میں فزکس، کیمسٹری ، بیالوجی، علم نباتات اور دیگرعلوم کے حوالے سے طلبہ کی ایجاد کردہ اشیاکو مقابلوں میں شامل کیاجاتا ہے جو بہترین ایجاد ہوتی ہے اسے پیٹرن کروانے کے بعد طلب علم کو اس کی محنت کا صلہ بھی دیا جاتا ہے۔