سربراہان حکومت کے دفاتر ، حکومت تلنگانہ کا ماہرین سے مشورہ
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت قدیم رٹز ہوٹل کی جگہ کانسٹیٹیوشنل کلب کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے! شہر کی تاریخی عمارتوں میں شامل رٹز ہوٹل میں کانسٹیٹیشونل کلب کے قیام اور آدرش نگر ایم ایل اے کوارٹرس میں ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف محکمہ جات کے سربراہان کے دفاتر کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ کی تعمیر نو کے ساتھ آدرش نگر ایم ایل اے کوارٹرس میں مختلف محکمہ جات کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارہ جات کے سربراہوں کے دفاتر کو ایک عمارت میں منتقل کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں ماہرین سے تجاویز طلب کی ہیں اور سیکریٹریٹ کی عمارت سے قریب تمام سربراہان ادارہ جات کے دفاتر کے یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آدرش نگر میں موجود رٹز ہوٹل جو کہ تاریخی عمارتوں کی فہرست میں شامل عمارت ہے اس کی جگہ پر ریاستی حکومت کی جانب سے دہلی میں موجود کانسٹیٹیوشنل کلب کے طرز پر تلنگانہ کانسٹیٹیوشنل کلب کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں بھی ماہرین سے تجاویز حاصل کی جا رہی ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیکریٹریٹ اور اسمبلی کی موجودہ عمارت کے درمیان و اقع اس جگہ کو کانسٹیٹیوشنل کلب کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں وسیع منصوبہ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کیا جائے ۔
ریاستی حکومت کی جانب سے تمام وزراء‘ محکمہ جات کے علاوہ محکمہ جات کے تحت موجود اداروں کے سربراہان کو ایک عمارت میں لانے کی کوشش کے طور پر سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن سیکریٹریٹ میں ادارہ جات کے سربراہان کو بھی منتقل کردیئے جانے کی صورت میں عام شہریوں کو دفاتر میں عہدیداروں سے ملاقات میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے ریاستی حکومت کی جانب سے سربراہان ادارہ جات کوآدرش نگر اولڈ ایم ایل اے کوارٹرس میں ایک اور عمارت کی تعمیر کے ذریعہ انہیں وہاں دفاتر کی جگہ الاٹ کرنے کی منصوبہ بندی گئی ہے اور بتایاجاتاہے کہ حکومت کے اس منصوبہ کو قطعیت دیئے جانے کے بعد اس عمارت کی تعمیر کے بھی کاموں کا تیزی سے آغاز کردیا جائے گا۔