تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے پولیس کمشنر سی وی آنند کے اقدامات
حیدرآباد۔9 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) پرانے شہر میں تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور ان کی آہک پاشی و تزئین نو کے سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے بعد اب محکمہ پولیس نے بھی حرکت میں آتے ہوئے سابقہ کوتوالی حیدرآباد ( پرانی حویلی) کی عمارت کی آہک پاشی و تزئین نو کے کاموں کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند آئی پی ایس نے پرانی حویلی میں موجود قدیم کمشنر آف پولیس کے دفتر کی تاریخی عمارت کے تحفظ اور اس کی آہک پاشی کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور ان کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مسٹر سی وی آنند نے کہا کہ حیدرآبادی ہونے کے ناطے وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ اس قدیم عمارت میں جہاں سرکردہ پولیس عہدیداروں نے خدمات انجام دی ہیں اسے محفوظ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کے تحفظ اور آہک پاشی کے عمل کو اندرون 6ماہ مکمل کرلیا جائے گا۔ مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ پولیس کمشنر آفس کے بشیر باغ منتقل ہونے سے قبل تمام کمشنران نے پرانی حویلی کے دفتر سے خدمات انجام دی تھیں اور اس کے بعد بھی مخصوص بندوبست اور جمعہ کے موقع پر سرکردہ عہدیداراور کمشنر آف پولیس اسی دفتر میں کیمپ کرتے ہیں اسی لئے اس عمارت کی اہمیت اب بھی برقرار ہے ۔ مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ عمارت مخدوش ہونے کی شکایات کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ ماہرین آثار قدیمہ کی نگرانی میں اس عمارت کی تزئین نو عمل میں لائی جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ Ace اربن گروپ گرین کی جانب سے اس پراجکٹ کو اسپانسر کرنے کا فیصلہ کیا جا رہاہے۔ کمشنر مسٹر سی وی آنند نے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر انیل کمار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر حیدرآبادی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تاریخی و تہذیبی ورثہ کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اسے آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ رکھیں۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ سابق کمشنران پولیس کی اس کیمپ آفس میں ہنگامی حالات کے دوران قیام کی روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ آہک پاشی و مرمتی کاموں کے آغاز کے موقع پر کمشنر آف پولیس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر سائی چیتنیہ ‘ جناب میر برکت اللہ خان منیجنگ ڈائریکٹر دکن ٹیرائین‘ مسٹر اے آر سرینواس آئی پی ایس کے علاوہ دیگر موجود تھے۔م