حکومت کی منصوبہ بندی پر اظہارتشویش ، نظام آباد کے وفد کی جناب عامر علی خان اور وقف بورڈ چیرمین مسیح اﷲ خاں سے نمائندگیاں
نظام آباد۔ 3 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد قدیم کلکٹریٹ مسجد کی وقف اراضی کو فوری وقف بورڈ کی تحویل میں لیتے ہوئے حصاربندی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ایک وفد نے نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان سے ملاقات کی اور اُنھیں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ نظام آبادقدیم کلکٹریٹ میں 1955 ء میں سرکاری ریکارڈ میں نظام آباد کلکٹریٹ کی مسجد کا ریکارڈ درج ہے ۔230 مربع گز اراضی کے تحفظ کیلئے گذشتہ کئی دنوں سے تحریک چلائی جارہی ہے گزٹ کے سیرئیل نمبر 24644 کے تحت یہ اراضی وقف بورڈ کی ہے اور یہاں پر مسجد واقع تھی اور اس وقت کے ملازمین نے نماز بھی ادا کی تھی لیکن یہاں پر مسجد کو مسمار کرتے ہوئے کلکٹریٹ کی عمارت تعمیر کی گئی تھی ۔ مسلم قائدین کی عدم توجہی کے باعث یہ مسئلہ زیر التواء تھا لیکن گذشتہ چند دنوں سے اس خصوص میں تحریک چلاتے ہوئے مختلف پروگراموں کو انجام دیا گیا جس کے باعث وقف بورڈ نے سروے کرتے ہوئے رپورٹ بھی دی تھی ۔ حال ہی میں قدیم کلکٹریٹ کی عمارت کی جدید کلکٹریٹ میں منتقلی کے بعد یہاں کی تمام اراضی پر عمارتیں منہدم کرتے ہوئے کلا بھارتی کی تعمیر عمل میں لانے کیلئے حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی اور دیگر تعمیرات کو لیکر مسجد کی اراضی متاثر ہونے کی تشویش سے متعلق واقف کروانے کیلئے ماجد خان ، مولانا حیدر قاسمی ، مولانا عابد قاسمی ، ظہیر الدین ، انور علی ایم پی جے ، نمائندہ سیاست نظام آباد محمد جاوید علی کے ہمراہ جناب عامر علی خان سے ملاقات کی ۔ جناب عامر علی خان نے صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے وفد کو وقف بورڈ چیرمین کے پاس روانہ کیا ۔ وقف بورڈ چیرمین کو تفصیلات سے واقف کرانے پر وقف بورڈ چیرمین نے اس خصوص میں اندرون ایک ہفتہ وقف بورڈ کی تحویل میں لیتے ہوئے حصاربندی کرتے ہوئے سائن بورڈ نصب کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جس پر وفد نے عامر علی خان اور صدرنشین وقف بورڈ سے اظہار تشکر کیا ۔ وفد نے عامر علی خان ، صدرنشین وقف بورڈ سے نظام آباد آنے کی بھی خواہش کی ، جس پر انھوں نے مسجد کی اراضی کے تحفظ کیلئے تحریک کا مکمل ساتھ دینے کا ارادہ ظاہر کیا ۔