قدیم 450 سالہ تاریخی حسین ساگر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ

   

کے ٹی آر نے اتوار کی شام سیر و تفریح کے لیے ٹریفک تحدیدات پر غور کرنے کا پولیس کمشنر کو دیا مشورہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہر حیدرآباد کے تاریخی سیاحتی مرکز حسین ساگر ( ٹینک بنڈ ) پر اتوار کو شام میں عوام کو سیر و تفریح کی سہولت فراہم کرنے کے لیے شام 5 تا 8 بجے تک ٹریفک تحدیدات عائد کرنے کا جائزہ لینے کا حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار کو مشورہ دیا ہے ۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم رہنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو ایک شخص نے ٹیاگ کرتے ہوئے یہ تجویز پیش کی ہے جس کو کے ٹی آر نے بھی پسند کیا ہے اور ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے پولیس کمشنر حیدرآباد کو اس کا جائزہ لینے پر زور دیا ہے ۔ حیدرآباد اور سکندرآباد کو جوڑنے والا 450 سالہ قدیم تاریخی حسین ساگر کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقداما کئے گئے ہیں ۔ ٹینک بنڈ شہر کا ایک تاریخی سیاحتی مرکز ہے جو صدیوں سے عوامی توجہ کا مرکز ہے ۔ حالیہ دنوں میں اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ 2.2 کلو میٹر حسین ساگر کی سڑک پر دونوں جانب فٹ پاتھس کو ترقی دی گئی ہے ۔ ایک طرف جہاں شہرت یافتہ شعرا ، مجاہدین آزادی اور قائدین کے مجسمے ہیں دوسری طرف پانی کا منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ سکندرآباد جانے والی سڑک پر جنگی ٹینک سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے ۔ حسین ساگر کو مزید دلکش بنانے کے لیے کے ٹی آر نے خصوصی دلچسپی دکھائی ہے ۔ 38 کروڑ روپئے کے مصارف سے حسین ساگر کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ خوبصورت ڈیزائن پر مشتمل ریلنگ ، گرلس ، ڈیزائنیر لائینگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس علاقے میں بیٹھنے ، شاپنگ کرنے کے علاوہ پارکنگ کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ ٹینک بنڈ کے اطراف و اکناف بھی کئی پارکس اور فوڈ کورٹس ، آئی میاکس تھیٹر وغیرہ موجود ہے جس سے سیاح پوری طرح مطمئن ہوتے ہیں ۔۔N