قذافی کے بیٹے سیف کا قتل، نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا

   

طرابلس، 4 فروری (یواین آئی) لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی کے بیٹے اور کسی زمانے میں ملک کے سب سے طاقتور وارث سمجھے جانے والے 53 سالہ سیف الاسلام قذافی کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کر دیا ہے ۔مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ دی لیبیا آبزرور نے رپورٹ کیا کہ ان کے سیاسی مشیر عبداللہ عثمان عبدالرحیم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس خبر کی تصدیق کی ہے ۔ اس واقعے سے لیبیا میں ان کی حیثیت کے بارے میں برسوں سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوگیا۔یہ واقعہ منگل کی دو پہر لیبیا کے مغربی شہر زنتان میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق چار نقاب پوش بندوق برداروں نے سیف الاسلام کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے حملہ کرنے سے پہلے گھر کے باہر لگے سکیورٹی کیمروں کو تباہ کر دیا۔ اس کے بعد ہونی والی ”براہ راست مڈبھیڑ” میں سیف الاسلام کی موت ہوگئی۔ لیبیا کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے بدھ کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ فرانزک معائنے سے موت کی وجہ گولی لگنے سے معلوم ہوئی ہے ۔