گنٹور میں خواتین کانفرنس کا تعارفی اجتماع، ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین کا خطاب
گنٹور/3 ڈسمبر ( ذریعہ میل ) جامعتہ المومنات کی دو یومی کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن قیام گاہ جناب سلیم مسلم کالج پنور روڈ گنٹور آندھراپردیش میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے کہا کہ قرآن مجید کا پڑھنا ، دیکھنا ، سننا سب عبادت ہے ، قرآن مجید کائنات کی تمام کتابوں سے افضل ترین کتاب ہے ۔ قرآن مجید آسمانی کتابوں میں افضل ترین کتاب ہے ۔ کوئی کتاب اپنی حالت پر برقرار نہیں ہے لیکن قرآنی مجید وہ کلام الہی ہے جس کا ایک حرف یا ایک حرکت بھی تبدیل نہیں ہوا ۔ قرآن کا ایک حق ہے کہ اس کو ترتیل سے پڑھا جائے اور تجوید کے ساتھ اس پر غور و فکر کرتے ہوئے پڑھے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن مجید کو سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔ قرآن مجید و احاداث مبارکہ میں نماز کی بار بار تاکید وارد ہوئی ہے ۔ نمازیوں کے چہرے قیامت کے دن چمکدار ہوں گے ۔ مفتیہ رضوانہ زرین نے مزید کہا کہ ماں کی تعلیم و تربیت اس کی فطری و فکری ارتقاء اور اس کے عادات و اطوار و اخلاق کو بچے کی شخصیت اور کردار سازی میں مرکزی اہمیت حاصل ہے ۔ دنیا کی جتنی بھی عظیم شخصیتیں گذری ہیں ان کی تربیت میں ان کی ماں کا بڑا اہم کردار شامل رہا ہے ۔ اگر ماں بچے کی تربیت غلط طور پر کرتی ہے تو اس کی پوری زندگی کی گاڑی ہمیشہ بگڑے گی ۔ اس پر فتن دور میں مسلم والدین اپنے اولاد کی تربیت اچھے انداز سے کرنے کے بجائے اپنے بچوں کو سنیما بینی ، انٹرنیٹ پر ناجائز دوستی ، موبائل فون وغیرہ کے ذریعہ سے اوقات کو ضائع کر رہے ہیں۔ محترمہ نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اسلام اور رسول عربی ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں۔ اجتماع کا آغاز قاریہ سائرہ قرآن و نعت شریف سے ہوا ۔ دعاء و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔
