مکہ مسجد میں کل ہند سنی علماء بورڈ کے جلسہ یوم القرآن سے پروفیسرمحمد شاکر رضا مصباحی، مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد 23؍ مارچ (راست) پروفیسر مفتی محمد شاکر رضا مصباحی شعبہ عربی مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی،نے کل ہند سنی علماء بورڈ کا 23 واں سالانہ مرکزی جلسہ یوم القرآن جو تاریخی مکہ مسجد حیدرآبادمیں منعقد ہوااس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام ایک ایسا عظیم الشان مہینہ ہے جس میں اللہ کی رحمتیں وبرکتیں نازل ہوتی ہیں،حضورﷺ ودیگر انبیاء کرام علیہم السلام کے معجزات میں سب سے عظیم الشان معجزہ قرآن مجیدہے جو قیامت تک برقرار رہیگا۔مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی وناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے کہا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، درمیانی عشرہ مغفرت اور آخری عشرہ جہنم سے آزادی ہے، رمضان اور قرآن مجیدکا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے ،اسلئے ماہ رمضان کو شہر القرآن بھی کہا گیا ،قرآ ن مجید علم وعبادت کا مجموعہ ہے، قرآن مجید ذکر بھی ہے اور فکر بھی ، قرآن قلب انسانی کا نور ہے ، یہ دل پر طاری ہوتا ہے اور دل کی دنیا بدل دیتا ہے۔ جلسہ کا آغاز حافظ وقاری محمد اکبر قادری کی قرأت ، حافظ شیخ جعفر ،حافظ محمد غوث قادری کی نعت شریف سے ہوا۔نظامت کے فرائض مفتی عبد الواسع احمد صوفی نے انجام دئیے۔جبکہ مولانا سید شاہ نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ نے سرپرستی اور مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری نے صدارت کی ۔مولانا محمد صلاح الدین قادری نے کہا کہ قرآن مجید میںتمام علوم موجود ہیں، اور قرآن کی تلاوت سے برکتیںورحمتیں نازل ہوتی ہیں ،قرآن مجید میںہرسوال کا جواب موجودہے ، بشرطیکہ ہم کو سوال کا طریقہ معلوم ہو۔ اورقرآن مجید دستورحیات وزندگی ہے ،قرآن مجید ماہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینہ میںنازل ہوا ، عامۃ المسلمین سے پرزور اپیل ہے ۔ وہ ماہ صیام کی قدر کریں ،اور عمل کریں۔ صدارتی خطاب میں مولانا حامد حسین شطاری نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہے کہ آج ہم قرآن پاک اوراسکی عظمت کا ذکر کر رہے ہیں ۔ قرآن پاک میں بنیادی اور اجمالی باتیں بتائی گئی ہیں، آیت قرآنی کے احکام کو سمجھنے کے لئے حدیث رسول ﷺ کی ضرورت لاحق ہوتی ہے، بغیر حدیث کی رہنمائی کے قرآن پاک کے فلسفہ کو سمجھا نہیں جاسکتا۔ قرآن پاک ساری دنیا کی مخلوق کی ہدایت کیلئے نازل کیا گیا۔قرآنی احکام پر انسان عمل پیرا ہوجائے تو دنیا وآخرت میں کامیابی وکامرانی ہوگی۔ ا س جلسہ میںبحیثیت مہمان خصوصی الحاج محمد معیز بابو چودھری ،مولانا سید شاہ خضر پاشاہ قادری چشتی ،قاضی شمس الدین فاروقی ،محمد عبد القدیر احمد صوفی ،حافظ محمد مصعب پاشاہ دانش، مولوی محمد طاہر وغیرہ شرکت کئے۔ دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میںلایا گیا۔