قرآن مجید میں زندگی کے تمام مسائل کا حل موجود

   

سداشیوپیٹ میںایم پی جے کا اجتماع۔محمد عبدالعزیزکا خطاب

سداسیو پیٹ ۔یکم جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قرآن مجید ثواب کی کتاب نہیں جو طاقوں‘ جزدان حریر و ریشم میں سجانے کیلئے آیا ہو بلکہ یہ ایک نظام زندگی ہے جس میں دنیا کے تمام مسائل کا حل اور انسانی زندگی کے سارے مسائل موجود ہیں یہ دین اللہ کی زمین پر قائم ہونے کیلئے آیا ہے۔ ان خیالات کااظہار مدینہ مسجد سداشیو پیٹ میں بعد نماز عشاء ایک خطاب عام بہ عنوان’’ اقامت دین فریضہ امت ‘‘ میں محمد عبدالعزیز صدر تلنگانہ ایم پی جے تلنگانہ نے بحیثیت مہمان خصوصی کے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہتر تجارت یہ ہے کہ یہاں کمائے اور آخرت میں بہترین اجر ملے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ طائف کا وہ میدان جہاں آپ ؐ کو لہو لہان کیا گیا لیکن امید آنے والی نسلوں سے تھی‘ آج وہ آغوشِ اسلام میں ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلام تلوار کے سائے میں نہیں بلکہ اخلاق و کردار سے اس دنیا کے حصوں میں پھیلا ہے۔ انہوں نے تلقین کہ اس دین کو تمام بندگان خدا تک پہنچانا اور اس دین کے جس طرح دیگر فرائض ادا کرتے ہیں اسی طرح اس دین کو قائم کرنا امت کا فریضہ ہے۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ جو قوم اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہے وہ کبھی انقلاب نہیں لاسکتی ہمیں آج نئی نسل کو تاریخ یاد دلانا چاہئے۔ انہوں نے موجودہ حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ڈر و خوف کی ضرورت نہیں اسلئے کہ اس دین میں امن و امان کا پیغام ہے جس سے انسانیت اپنے بلند اقدار تک پہونچ سکتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے تب کہیں ہم اس فریضہ اقامت دین کو ادا کرسکتے ہیں۔ پروگرام کا آغاز محمد مجاہد محی الدین کی تلاوت وترجمانی سے ہوا اور محمد اشفاق امیر مقامی سداشیو پیٹ نے افتتاحی کلمات و مہمانوں کا خیرمقدم کیا جبکہ نظامت کے فرائض شیخ احمد صدر ایس آئی او ضلع سنگا ریڈی نے بحسن وخوبی انجام دئیے۔