قرآن مجید کو سینوں میں محفوظ کرنا بہت بڑی سعادت مندی

   

نرمل میں حفاظ طلبہ کی تہنیتی تقریب سے مولانا عبدالعلیم قاسمی، مفتی الیاس احمد قاسمی کا خطاب

نرمل ۔ 7 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نسبتوں سے چیزوں کی قدر و قیمت میں اافہ ہوتا ہے، ایک اینٹ عام جگہ پر لگائی جائے تو اس کی کوئی قدر و قیمت نہیں، وہی اینٹ مسجد میں لگائی جائے تو اس کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح قرآن اور حافظ قرآن سے جو اپنی نسبت جوڑ لیتا ہے تو اس کی قدر و منزلت بڑھ جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالعلیم قاسمی نے سید جلیل ازہر نامہ نگار روزنامہ سیاست کی طرف سے مدرسہ روضۃ العلوم سے امسال حفظ کرنے والے 12 طلباء کرام کی تہنیتی تقریب میں کیا۔ مولانا نے کہا کہ سید جلیل ازہر ہر سال حفاظ کرام کو تہنیت پیش کرکے قرآن اور حفاظ کرام سے اپنی سچی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی الیاس احمد حامد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع نرمل نے کہا کہ قرآن مجید اللہ کی سچی کتاب ہے۔ جو لوگ قرآن کو پڑھتے اور پڑھاتے ہیں وہ اللہ کی نظر میں سب سے بہتر انسان ہیں۔ حافظ قرآن کا مرتبہ اللہ کے نزدیک بہت بلند ہوتا ہے۔ قرآن کو یاد کرنا اور اس کو حفظ کرکے اپنے سینے میں محفوظ کرنا بڑی سعادت مندی ہے۔ مفتی صاحب نے مزید کہا کہ آخرت میں حافظ قرآن کے ساتھ جو اعزاز و اکرام ہوگا دنیا میں رہتے ہوئے ہم اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ مفتی الیاس نے سید جلیل ازہر کو حفاظ کی تہنیتی تقریب پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب میں مولوی بشیر احمد صدر مدرس، مفتی کلیم احمد مظاہری و دیگر معلمین مدرسہ روضۃ العلوم نرمل و معتمد مولانا خواجہ یوسف کے علاوہ مفتی احسان شاہ قاسمی، مفتی عبدالعلیم فیصل قاسمی، مختار احمد خاں صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد، اظہر الدین معتمد جامع مسجد، مسعود این آر آئی، زاہد مالک آئی اے فنکشن ہال، عبدالرحمن مالک مدینہ ہوٹل، حیات صدر خادم الحجاج حج سوسائٹی نرمل کے علاوہ معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سید جلیل ازہر نے اپنے مکان پر تمام شرکاء کے لئے ظہرانہ کا انتظام کیا۔ مفتی کلیم احمد مظاہری استاذ مدرسہ روضۃ العلووم نرمل کی دعا پر اس تہنیتی تقریب کا اختتام ہوا۔