قرآن مجید کی تلاوت بہت بڑی سعادت مندی

   

مدرسہ غوثیہ انوارالحسنات کا جلسہ ، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری و دیگر کا خطاب
کریم نگر /19 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مدرسہ غوثیہ انوارالحسنات کا جلسہ تکمیل قرآن مسجد کوٹلہ شیخان میں عبدالرشید لکچرر صدر مسجد کوٹلہ سبحان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ مہمان خصوصی مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم بے مثل ذات کا بے مثل کلام ہے ۔ قرآن و حدیث کا علم حاصل کرنے والا یہ بات جان جاتا ہے کہ ہمیں دنیا میں بھیجنے کا مقصد کیا ہے اور اس مقصد کی کامیابی کی سعی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم بڑی ہی عظمت و شان جلال والی کتاب ہے ۔ جو پہاڑوں پر اتاری جاتی تو پہاڑ ریزہ ریزہ ہوجاتے ایسے عظمت و رفعت والے کلام کو آپ حضرات نے حفظ کیا ہے ۔ آپ لوگ بڑے ہی نصیب والے اور قسمت کی بلندی پر ہیں ۔ حضرت نے کہا کہ دنیا عارضی ہے اور فنا ہونے والی ہے اور آخرت ہمیشہ باقی رہنے والی ہے ۔ اس لئے آخرت کی فکر کرنا چاہئے ۔ حفاظ کرام کو ضروری ہدایات سے نوازا اور کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت کا اہتمام بڑی ہی سعادت کا ذریعہ ہے ۔ مفتی سید شاہ محمد قادری نے مدرسہ کی کارکردگی کی تفصیلات پیش کی ۔ تین حفاظ کرام کی گلپوشی کی گئی اور سورہ مراسلات کا آخری رکوع مولانا عزیز اللہ قادری نے پڑھوایا ۔ اس جلسہ کی نظامت بانی مدرسہ سید شاہ محمد قادری نے چلائی اور طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ مفتی مشتاق نظامی ، مفتی سید خواجہ اظہر الدین ، مظہر محی الدین ساجد ، سید اکبر حسین سابق چیرمین میناریٹی فینانس ، محسن محی الدین ، سید اشتیاق احمد فاروقی ، ریاض علی رضوی ، عبدالمقتدر مکرم ، ساجد صدیقی ، عبدالکریم زاہد وغیرہ اس جلسہ میں موجود تھے ۔