قرآن مجید کے پیغام اور سیرت النبیؐ کو عام کرنے کی کوشش

   

گلبرگہ میں 2.75 کروڑ کے صرفہ سے مسجد اور سیرۃ النبیﷺ اسٹیڈی سنٹر کا سنگ بنیاد، ڈاکٹر محمد اصغر چلبل کا بیان

گلبرگہ 20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گلبرگہ میں 2.75 کروڑ روپئے کے صرفہ سے سیرت النبیﷺ اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس مقصد کی تکمیل کے لئے 3125 مربع فیٹ اراضی پر G+3 والی شاندار 4 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ اس عمارت میں نوشابہ خاتون کے نام سے موسوم مسجد کے علاوہ انڈرگراونڈ پارکنگ آڈیٹوریم لائبریری اور گیسٹ رومس ہوں گے۔ لائبریری میں ہر زبان میں سیرت النبیﷺ کے کتب کا ذخیرہ ہوگا ۔مختلف زبانوں میں سیرت النبی ﷺپر ریسرچ اور کتابیں مرتب کرنے کی سہولت مہیا کروائی جائینگی اور آڈیٹوریم میں سال تمام قرآن مجید و سیرت النبیﷺ پر توسیعی لکچرس اور برادرن وطن کو قرآنی تعلیمات اور سیرت النبیﷺ سے واقف کروانے مختلف زبانوں میں اسکالرس کے خطابات ہوں گے۔ مسجد میں برادران وطن کو عبادات کے طریقے اور مسجد کی سرگرمیوں سے واقف کروانے کیلئے وزیٹرس گیالری تعمیر کی جائے گی۔ یہ تفصیلات ڈاکٹر محمد اصغر چلبل چیرمن سیرت النبیﷺ اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک وانعامی مقابلے جات نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ جاری کی ہیں۔ واضح رہے کے گذشتہ پانچ برسوں سے ڈاکٹر محمد اصغر چلبل جشن میلادالنبیﷺ کے موقع پر علاقائی سطح پر طلبا وطالبات کے ما بین پرائمری سے لیکر ڈگری کالجس تک اور دینی مدارس اسلامیہ میںحسن قرات، حفظ احا دیث،اذان، نعت خوانی،قران کوئز، سیرت کوئز،تحریری وتقریری انعامی مقابلہ جات کاکامیابی کے ساتھ انعقاد عمل لاتے رہے ہیں۔ یہ مقابلہ جات کافی مقبول ہو رہے ہیں۔ طلبا و طالبات ان مقابلہ جات کا بے صبری سے انتظار کر تے ہیں اور ان کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد اصغر چلبل اور ان کے ر فقا سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کرنے کی غرض سے یہ تحریک چلا رہے ہیں۔اس مثالی خدمت و تحریک پراجکٹ سے متاثر ہوکر محمد اقبال علی موظف تحصیلدار حیدرآباد نے ہمناآباد روڈ ، گلبرگہ پر تقریباً 75 لاکھ روپئے مالیت کی بیش بہا قیمتی اراضی کا عطیہ دیا ہے عتیق اعجاز این آر آئی گلبرگہ کے توسط سے سیرت النبیﷺ اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک کی تعمیر کیلئے اراضی کا عطیہ حاصل ہوا ہے۔ مسجد کی تعمیر بھی محمد اقبال علی موظف تحصیلدار حیدرآباد اپنے صرفہ سے کریں گے ۔سیرت النبی ﷺاسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک ٹرسٹ نے مسجد کو محمد اقبال علی موظف تحصیلدار حیدرآباد کی اہلیہ مرحومہ کے نام نوشابہ خاتون سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آڈیٹوریم اور لائبریری کی عمارت کی تعمیر سیرت النبیﷺ اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک کی جانب سے کی جائے گی۔ ممتاز عالم دین فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور مفسر قران حضرت مولانا ِمصطفی شریف سابقہ صدر شعبہ عربی نے سیرت النبی ﷺاسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک و مسجد نوشابہ خاتون کے کتبہ سنگ بنیاد کی نقاب کشائی فرمائی ہے اور علمی روحانی ادبی و تاریخی شہر گلبرگہ میں مسجد کے ساتھ سیرت النبیﷺ اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کے قیام کے منصوبے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس اہم بامقصد منصوبہ پر عاجلانہ عمل آوری کیلئے دعا فرمائی ہے۔10 مارچ بروز اتوار مغل گارڈن فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقدہ جلسہ رحمتہ للعالمین و استقبال رمضان المبارک تہنیت و تقسیم انعامات 5 ویں سیرت النبی انعامی مقابلہ جات میں مولانا خالد سیف اللّٰہ رحمانی نے سیرت النبیﷺ اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر کرناٹک کے کتبہ سنگ بنیاد کی نقاب کشائی فرمائی۔