قرآن پاک کی بیحرمتی کرنے والے کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا

,

   

اسٹاک ہوم : قرآن پاک کے نسخوں کو نذرِ آتش کرنے والے بدنام زمانہ عراقی ملعون شخص سلوان مومیکا کو آج گولی مار کرہلاک کر دیا گیا۔ میڈیا کے مطابق سلوان مومیکا کو سوڈرٹالجے میں واقع ہووسجو میں گولی ماری گئی۔ یہ بھی جانکاری سامنے آئی ہے کہ گولی باری سے کچھ دیر قبل ہی سلوان لائیو اسٹریم پر آیا تھا۔مقامی پولیس نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ گولی باری میں ہلاک ہونے والا شخص 38 سالہ سلوان مومیکا ہی ہے۔ سلوان پر کئی مرتبہ قرآن پاک کو نذرِ آتش کرنے کا الزام ہے۔ 2023 میں عیدالاضحیٰ سے عین قبل اس نے سویڈن میں قرآن کو بھی نذر آتش کیا تھا۔ اس کیلئے سلوان نے باضابطہ انتظامیہ سے اجازت مانگی تھی اور پولیس نے اجازت دے بھی دی تھی۔اس نے کہا تھا کہ سویڈن جاگو۔ یہ جمہوریت ہے۔ ملعون کی اس حرکت کی کئی مسلم ممالک نے شدید مذمت کی تھی۔ سویڈین کی حکومت نے اس کی ریسیڈنسی پرمٹ (رہنے کی اجازت) کو رد کر دیا تھا۔ 38 سالہ سلوان صباح کی نعش جہاں پڑی اس وقت اس کے موبائل پر ٹاک ٹاک کی لائیو اسٹریمنگ جاری تھی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعہ پر 5 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک برس سے ایران اور عراق کی عسکری تنظیموں کی جانب سے اس کو دھمکیاں مل رہی تھیں۔