قرآن کو مکمل طور پر اپنانے کی تلقین

   

سداسیو پیٹ میں کارکنوں کے اجتماع سے مولانا حامد محمد خاں کا خطاب
سدا سیو پیٹ۔/17 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہر آدمی اپنی زندگی گذارنے قرآن کو مکمل طور پر اپنانا ضروری ہے۔ اقامت دین کا خواب تک پورا نہیں ہوتا جب تک آپ اپنا وقت ، صلاحیتیں اور قابلیتیں دین کے کام میں لگانے کے لئے کمربستہ نہ ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد حامد خان ریاستی امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڑیسہ نے آج شہر سدا سیو پیٹ کا تنظیمی دورہ کرتے ہوئے اراکین و کارکنوں کے تربیتی اجتماع سے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک کو فروغ دینے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔مسجد مراہ رحمت نگر جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران و ارکان کے علاوہ ایس آئی او اور جی آئی او کے ممبران نے شرکت کی۔ صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا محمد مجاہد محی الدین نے درس قرآن و مطالعہ مواد پیش کیا۔ افتتاحی تقریر امیر مقامی جناب رفیق الرحمان نے کی اور نظامت بشر نظرنے انجام دی اور بعد نماز ظہر مولانا حامد محمد خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں گزشتہ چھ دنوں سے جو حالات و واقعات پیش آرہے ہیں وہ سیکولر شہریوں کیلئے تشویشناک ہیں۔ جب سے فسطائی طاقتیں برسر اقتدار آئی ہیں ملک اور سماج میں فرقہ پرستی بڑی تیزی کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند 4 سالہ منصوبہ ترتیب دے رہی ہے جس میں محلوں، بستیوں ، مواضعات اور شہروں میں ایسے کئی ہندو ، سکھ، عیسائی و دیگر برادران وطن موجود ہیں جو یہ نہیں چاہتے کہ کسی بھی طرح کے تشدد یا فرقہ پرقہ پرستی کے واقعات پیش آئیں اور اس طرح کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اس خصوص میں جماعت اسلامی ہند نے ’ سدبھاونا فورم ‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر محمد امجد حسین ناظم ضلع ، صدر خدمت بینک محمد اشفاق پٹیل، محمدظہیر ، محمد شکیب ، محمد سلیم، سید یزدانی، عبدالجبار ، محمد خلیل، اختر حسین ، عبدالرشید سیٹھ کے علاوہ کئی کارکنان موجود تھے۔